ہند پاک سرحد پر فائرنگ کے تبادلہ میں دونوں طرف 9 افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-29

ہند پاک سرحد پر فائرنگ کے تبادلہ میں دونوں طرف 9 افراد ہلاک

نئی دہلی، لاہور
رائٹر
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سرحد پار فائرنگ میں آج کم سے کم9افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب دو پڑوسی ممالک اپنی ایک جنگ کی50ویں سالگرہ منارہے ہیں ۔ پاکستان کی طرف سے چھ شہریوں کے مارے جانے کی اطلاع ہے جب کہ40دیگر زخمیوں کا سیالکوٹ کے مختلف ہاسپٹلوں میں علاج چل رہا ہے۔ پاکستانی رینجرس کی جانب سے جموں ضلع آر ایس پورہ اور ارنیا سیکٹرس میں بین الاقوامی سرحد پر دو مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی میں تین افراد ہلاک اور17دیگر زخمی ہوگئے۔ بی ایس ایف نے اس خلاف ورزی کا جواب دیا۔ پاکستان کی شلباری کی مذمت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ عالمی برادری کو پاکستان کو ایک دہشت گرد مملکت قرار دینا چاہئے کیونکہ وہ ہندوستان پر دہشت گرد حملوں کو فروغ دے رہا ہے اور فائرنگت وشلباری کے ذریعہ بے قصور شہریوں کو ہلاک کررہا ہے۔ بی ایس ایف کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی رینجرس نے بلا اشتعال فائرنگ کرتے ہوئے پہلے تو چھوٹے ہتھیار استعمال کئے ۔ بعد میں بڑے ہتھیاروں سے مار ٹر گولے داغے ، یہ گولے آر ایس پورہ اور ارنیا سیکٹر کے شہری علاقوں میں بھی گرے۔ شلباری رات1:45بجے کشن پور، جورا فارم، جگنو چیک علاقوں میں شروع ہوئی جو آر ایس پورہ سیکٹر میں ہیں ۔ اس کے بعد صبح4:30بجے ارنیا سیکٹر میں بھی فائرنگ اور شلباری شروع کی گئی۔ شلباری اتنی شدید تھی کہ گولے دوردرازکے علاقوں میں بھی گرے جو بین الاقوامی سرحد سے کافی دور ہیں ۔ شلباری اور فائرنگ میں تین شہری ہلاک اور 17دیگر زخمی ہوئے ہیں جن میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ عہدیدار نے بتایا کہ زخمیوں کو ہسپتال میں شریک کیا گیا ہے ۔آر ایس پورہ میں دو اور ارنیا سیکٹر میں ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ ڈیویژنل کمشنر جموں پون کوتوال نے بتایاکہ فائرنگ میں کئی جانور بھی زخمی ہوئے ہیں جب کہ عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ پاکستان کی اس بلا اشتعال فائرنگ کا سرحدی محافظوں نے جواب بھی دیا۔ آخری اطلاع ملنے تک بھی فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا ۔ اگلی چوکیوں پر تعینات بی ایس ایف کے فوجی اس فائرنگ کا موثر جواب دے رہے ہیں۔ آخری اطلاع ملنے تک بھی دونوں فوجوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے ۔ صرف ایک ماہ اگست میں ہی پاکستان نے جنگ بندی کی55مرتبہ خلاف ورزی کی ہے ۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے آج جاری کئے گئے بیان میں کہا کہ سیالکوٹ کے چرواہ سیکٹر پر ہندوستانی فوج کی جانب سے فائرنگ اور مارٹر داغے گئے جس کے نتیجہ میں چھ افراد ہلاک اور 46شہری زخمی ہوگئے ۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے فائرنگ اور شل باری کے جواب میں چناب رینجرس نے بھرپور کارروائی کی ہے۔ بیان کے مطابق ہندوستان کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ اور شلباری کے نتیجہ میں چرواہ سیکٹر کے دیہات سچیت گڑھ، کندن پور اور دھمالہ سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ شدید زخمی ہونے والے46عام شہریوں میں سے22خواتین ہیں ۔ اسی دوران پاکستان نے ہندوستانی ہائی کمشنر ٹی سی اے راگھون کو طلب کرکے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزی پر شدید احتجاج درج کرایا ہے ۔ ہندوستانی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزی میں پاکستان نے چھ شہریوں کے ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا ہے ۔ دفتر خارجہ میں پاکستان کے معتمد خارجہ نے راگھون کو طلب کر کے کہا کہ ہندستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے ۔ ہائی کمشنر اپنے نائب جے پی سنگھ کے ہمراہ دفتر خارجہ میں گئے تھے۔ پاکستانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستان کی شلباری میں چھ شہری ہلاک اور 46دیگر زخمی ہوئے ہیں ۔ جن میں22خواتین شامل ہیں ۔ فائرنگ کا یہ واقعہ سیالکوٹ کی ورکنگ باونڈری پر چارواسیکٹر میں پیش آیا ۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب کہ دونوں ممالک کے درمیان قومی سلامتی مشیروں کی سطح کی بات چیت کو حال ہی میں منسوخ کیا گیا ۔

Nine Killed as India and Pakistan Exchange Cross-Border Fire

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں