ملک میں اگست ستمبر کے دوران مانسون کمزور ہوگا - محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-18

ملک میں اگست ستمبر کے دوران مانسون کمزور ہوگا - محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ایک ایسے وقت جب کہ ہمالیہ کے دامن میں واقع علاقوں میں سیلاب کا خطرہ منڈلا رہا ہے، دفتر محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے دیگر علاقوں میں مانسون کی کمی میں مزید شدت ہوگی ، جس کا اثر سے آنے والے دنوں میں خریف کی فصل پر پڑے گا ۔ یہ اثر خصوصی طور پر مہاراشٹرا کے بعض حصوں ، کرناٹک، تلنگانہ ، آندھرا پردیش بہار اور مشرقی اتر پردیش کے علاقوں میں دیکھاجائے گا ۔ مجموعی طور پر ملک میں کل بارش میں10فیصد کمی ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے 4ماہی مانسون باقی دو ماہ اگست اور ستمبر میں ملک میں16فیصد بارش کی کمی کی پیش قیاسی کی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر جنرل لکشمن سنگھ راٹھور نے بتایا کہ ابھی تک ملک میں بارش کی دس فیصد کم ہوئی ہے ، اندیشہ ہے کہ اختتام مانسون تک یہ کمی آئندہ دنوں میں بڑھ کر12فیصد ہوسکتی ہے ۔ راٹھور نے کہا کہ ملک کے چند علاقوں میں بارش میں شدید کمی کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ جب کہ بہار اور مشرقی اتر پردیش کے کچھ علاقوں میں آئندہ چار دنوں میں شدید بارش ہوسکتی ہے ، اس کے بعد خشک سالی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے ڈاٹا کے بموجب مہاراشٹرا کے مرہٹواڑہ علاقہ میں48فیصد بارش کی کمی ہوسکتی ہے ۔ کرناٹک کی شمالی اندرونی علاقہ میں45فیصد، مشرقی اتر پردیش میں36فیصد، آندھرا پردیش کے علاقہ رائل سیما میں33فیصد ، مرکزی مہاراشٹرا اور تلنگانہ میں23 فیصد تک بارش کی کمی واقع ہوسکتی ہے ۔ حکومت نے گزشتہ ہفتہ ڈیزل اور تخم پر سبسیڈی کے لئے500کروڑ روپے ریلیف کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ قحط زدہ اور خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں خریف کی کھڑی فصل کی حفاظت کے اقدامات کے لئے کسانوں کی مدد کی جارہی ہے ۔ اس طرح کے اقدامات سے بارش کی کمی سے متاثرہ مہاراشٹرا، رائل سیما ، بہار مشرقی اتر پردیش اور اندرونی کرناٹک کے علاقوں کے کسانوں کو مدد مل سکتی ہے ۔ انہین خریف فصل کے دوران دالوں یا تیل کی تیاری میں مددگار تخم کو بونے میں مدد مل سکتی ہے ۔ تاہم ماہ اگست۔ ستمبر میں مانسون کی کمی سے اس سال خریف کی پیداوار زبردست متاثر ہونے کا اندیشہ ہے ۔ سرکاری اعداد و شمار کے بموجب ملک میں خریف فصل کے دوران14اگست تک890۔82لاکھ ایکڑ اراضی پر تخم ریزی کی گئی ہے جب کہ گزشتہ سال اسی مدت میں863۔61لاکھ ایکڑ زمین پر تخم ریزی کی گئی تھی۔

Monsoon will remain weak in Aug-Sept: IMD

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں