مفتی سعید اپنے نظریات سے دستبردار - حریت کانفرنس کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-19

مفتی سعید اپنے نظریات سے دستبردار - حریت کانفرنس کا الزام

سری نگر
یو این آئی
وادی کشمیر میں علیحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی کی قیادت والی حریت کانفرنس نے پاکستانی پرچم لہرانے کی پاداش میں دختران ملت سربراہ آسیہ اندرا بی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کو بلا جواز اور بلا وجہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ حریت کے مطابق جمون کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرایاجانا کوئی نئی بات نہیں بلکہ یہ47ء سے جاری ایک عام روایت ہے اور حکومتی پابندیاں ختم کی جائیں تو یوم پاکستان پر ہر کشمیری ایک ایک جھنڈا لے کر باہر آئے گا اور اس ملک کا قومی ترانہ گائے گا ۔ قابل ذکرہے کہ پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر14اگست کو اس ملک کا قومی جھنڈا لہرانے کے جرم میں کل آسیہ اندرانی کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کے انسداد کے قانون کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ یہاں جاری کئے گئے ایک بیان میں حیرت ترجمان ایاز اکبر نے آسیہ اندرانی کو ایک جرات مند خاتون راہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پرچم لہرا کر انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا ہے بلکہ پوری قوم کے جذبات اور امنگوں کی ترجمانی کی ہے اور ایسا انہوں نے پہلی بار نہیں کیا بلکہ وہ ہر ایسے موقع پر اس عمل کو دہراتی ہے۔ حریت ترجمان نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی پرچم لہرایاجانا کشمیر میں اگرچہ ایک معمول کی بات اور قدیم روایت ہے ، البتہ جب سے بی جے پی ، پی ڈی پی حکومت بر سر اقتدار آئی ہے ، اس معاملہ کو غیر ضروری طور پر اچھالا جانا شروع کردیا گیا ہے اور ہندوستانی میڈیا اس حوالے سے سر گرم ہوگئی ہے ۔ ایاز اکبر نے کہا کہ یہ ہمارے لئے شرمیں سے خیر نکلنے کا معاملہ بن گیا ہے اور اس سے کشمیریوں کے موقف اور ان کے جذبات کی خوب تشہیر ہوجاتی ہے اورباقی دنیا کے ساتھ ساتھ خود ہندوستان کے عوام بھی واقف ہوجاتے ہیں کہ کشمیری آخر کیا چاہتے ہیں اور کیا مطالبہ کرتے ہیں ؟ حریت ترجمان نے اس معاملہ پر مفتی سعید اور اس کی پارٹی پی ڈی پی کے رول کو انتہائی شرم ناک اور افسوس ناک قرار دیا اور کہا کہ وہ حکومت میں اپنے ساجھے دار پارٹی یعنی بی جے پی کے دباؤ میں آکر کام کرتی ہے اور ان کے ہر حکم کو آنکھیں بند کرکے تسلیم کرلیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حریت پسندوں کے بارے میں مفتی سعید نے اپنے نظریات کی لڑائی اور گولی نہیں بولی والے نعرے کلی طور پر دستبردار ہوگئے ہیں اور اس نے ان کی تمام سر گرمیوں پر غیر اعلانیہ پابندی لگادی ہے ۔

Hurriyat Conference accused CM Mufti Sayeed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں