بہار کے لئے خصوصی موقف کا مطالبہ - نتیش کمار کا خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-16

بہار کے لئے خصوصی موقف کا مطالبہ - نتیش کمار کا خطاب

پٹنہ
آئی اے این ایس
چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج ایک بار پھر بہار کے لئے خصوصی زمرہ موقف کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس سے کم کوئی بھی چیز اس کی ترقی میں مددگار نہیں ہوگی ۔ نتیش کمار نے یہاں یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم لہرانے کے بعد کہا کہ بہار کی ترقی کے لئے خصوصی موقف ضروری ہے ، کیونکہ اس کی وجہ سے خانگی سرمایہ کار بڑے پیمانہ پر صنعتیں قائم کرنے یہاں آئیں گے اور نوجوانوں کے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ دوسرے شعبوں میں بھی ترقی کی رفتار میں تیزی آئے گی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ یہ ریاست جہاں عنقریب اسمبلی انتخابات کا انعقاد عمل میں آئے گا، انصاف پر مبنی ترقی کی راہ پر گامزن رہے ۔ ہم نے ریاست میں قانون کا راج قائم کیا ہے جس کی وجہ سے سب کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے ترقی دینے میں مد د ملی ہے ۔ نتیش کمار نے یہ بھی کہا کہ بہار نے گزشتہ دس سال میں تمام شعبوں بشمول تعلیم ، صحت اور زراعت میں ترقی کی ہے ۔ گزشتہ دس سال میں یہاں ترقی کی شرح اوسطاً10 فیصد درج کی گئی ہے ۔ حکومت نے گزشتہ دس سال کے دوران66,508کلو میٹر بڑی اور دیہی سڑکیں تعمیر کی ہیں ۔ اسی طرح5431 بڑے پل تعمیر کئے گئے ہیں۔ نتیش کما رنے کہا کہ بہار میں برقی کی صورت حال بہتر ہوئی ہے ۔ برقی کی کھپت میں جو2005میں70 کلو واٹ فی گھنٹہ تھی ، اضافہ ہوا ہے اور یہ2015میں بڑھ کر203کلو واٹ ہوگئی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا بہار اعلیٰ شرح نمو کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے ۔ آنے والے برسوں میں وہ یہی کرتا رہے گا۔
پٹنہ سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب حکومت بہار نے آج یہاں69ویں جشن آزادی کے موقع پر سابق صدر اے پی جے عبدالکلام پر مبنی جھانکی پیش کرتے ہوئے آنجہانی صدر کی ریاست سے محبت اور اس کی ترقی میں ان کے حصے کو اجاگر کیا ۔ محکمہ اطلاعات و نشریات آئی پی آر ڈی نے اس جھانکی کا موضوع کلام اور بہار تجویز کیاتھا، جو یہاں گاندھی میدان میں یوم آزادی تقریب کے دوران پیش کی گئی ۔ چیف منسٹر نتیش کمار نے یوم آزادی کی سرکاری تقریب میں سلامی لی ۔ اس جھانکی میں ریاست کے مختلف مقاماتبشمول پٹنہ کے ضلع پالی گنج میں کلام کے دوروں کو اجاگر کیا گیا ، جہاں انہوں نے کسانوں کو پیداوار میں اضافہ کرنے مفیدمشورے دئیے تھے۔

Give Us Special Status, Not Doles: Nitish Kumar in Independence Day Speech

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں