جی ایس ٹی بل لمحہ آخر میں منظور کرانے میں حکومت ناکام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-12

جی ایس ٹی بل لمحہ آخر میں منظور کرانے میں حکومت ناکام

نئی دہلی
یو این آئی
مرکزی حکومت نے راجیہ سبھا میں گڈس اینڈ سرویسس بل منظور کرانے کی آخری کوشش کی جب کہ کانگریس نے سماج وادی پارٹی اور دیگر جماعتوں کی مدد سے اہم اصلاحی اقدام کی منظوری سے متعلق این ڈی اے پلانس پر پانی پھیر دیا۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے جوں ہی دستوری ترمیمات بل پیش کیا ، کانگریس ارکان ایوان کے وسط میں آگئے اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے نعرہ بازی شروع کردی ۔ انہوں نے مدھیہ پردیش میں ویاپم اسکام کا مسئلہ اٹھانے کے علاوہ للت مودی کے ساتھ تعاون کے حوالہ سے وزیر خارجہ سشما سوراج کے استعفیٰ کا مطالبہ شروع کردیا۔چیں بہ جبیں وزیر فینانس ارون جیٹلی نے اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ (کانگریس ارکان پارلیمنٹ) کا حقیقی مقصد ملک کی ترقی اور نمو میں رکاوٹیں پیدا کرنا ہے اور اسی خیال سے وہ یکے بعد دیگرے ہر اجلاس میں کسی نہ کسی جواز پر اپنے پلان پر عمل کررہے ہیں ۔کانگریس پارٹی ملک کی ترقی اور معیشت میں نمو کی خواہشمند نہیں اور اگر یہی حقیقت ہے تو پھر کسی جواز کی ضرورت نہیں۔ پارٹی صاف اور واضح انداز میں اپنے منشاء کا اظہار کردے۔ اپوزیشن کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما نے لمحہ آخر میں، تجارتی مشاورتی کمیٹی میں بحث کرائے بغیر ہی دستوری ترمیمات بل کو درج فہرست کرنے حکومت کے اقدام پر سختی سے اعتراض کیا۔ راجیہ سبھا میں این ڈی اے اکثریت سے محروم ہے ۔ جہاں( ایوان میں) نظم قائم کرنے کی ناکام کوششوں کے بعد ڈپٹی چیر مین پی جے کورین نے کارروائیاں کل تک ملتوی کردیں۔ انہوں نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ یہ دستوری ترمیمات بل ہے لہذا میں اس شوروغل ، ہنگامہ اور بد نظمی کے دوران اس پر کارروائی کے حق میں نہیں ۔ کانگریس نے اس ہنگامہ اور شوروغل کے لئے حکومت کو ہی ذمہ دار ٹھہرایا۔ جس کے سبب جی ایس ٹی بل زیر التوا ہے جس کا مقصد ملک میں انتہائی اہم ٹیکس اصلاحات ہیں۔ اس کا نفاذ اپریل2016سے ہوگا ۔ پارلیمنٹ میں جاری ہنگامہ آرائیوں سے تو یہی محسوس ہوتا ہے کہ شیڈول کے مطابق اس کا نفاذ ناممکن ہے۔ آنند شرما ، پارٹی ترجمان بھی ہین۔ انہوں نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں تعطل کے لئے وزیر اعظم اپنے ناروا سلوک کے سبب ذمہ دار ہیں ۔ جی ایس ٹی بل کو لوک سبھا میں منظوری حاصل ہوچکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی کو مختلف اسکامس پر اب اپنی خاموشی ختم کر کے لب کشائی کرنی چاہئے کیونکہ ان تمام اسکامس میں ان کے وزرا ہی ملوث ہیں ۔ قبل ازیں کارروائی کے ابتدائی مرحلہ میں وزیر اعظم نریند رمودی نے پارلیمنٹ میں کارروائیوں میں رخنہ کے لئے کانگریس کے ساتھ اظہار ناراضگی کے لئے ایس پی سر براہ ملائم سنگھ یادو کی ستائش کی تھی۔ جی ایس ٹی بل کو ٹی ایم سی، بی جے ڈی اور ایس پی کی جانب سے تائید کے اشاروں سے حوصلہ افزا ہوتے ہوئے وزیر فینانس نے لمحہ آخر میں بل پیش کردیا تھا تاہم کانگریس نے ان کی کوششوں کو ناکام بنادیا۔ مانسون اجلاس کے صرف2دن باقی رہ گئے ہیں اور ایسے حالات میں بشمول جی ایس ٹی بل کسی بھی بل کی منظوری کا کوئی امکان نظر نہیںآ تا۔

GST bill unlikely to make it through disrupted Parliament

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں