کشمیر سے 340 عازمین حج کے پہلے قافلے کی روانگی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-18

کشمیر سے 340 عازمین حج کے پہلے قافلے کی روانگی

سری نگر
پی ٹی آئی
اس سال حج کے لئے ریاست جموں و کشمیر سے آج340عازمین حج کا پہلا دستہ مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوا۔ سرکاری ترجمان نے بتایا کہ اس موقع پر چیف منسٹر مفتی محمد سعید نے عازمین حج کے پہلے دستہ کو گرمجوشانہ انداز میں وداع کرتے ہوئے ان کے بحفاظت سفر اور سہل انداز میں مناسک حج کی ادائیگی کے لئے دعا کی ۔ ترجمان نے بتایا کہ چیف منسٹر نے آج علی الصبح ان عازمین حج کو وداع کرنے کے لئے سری نگر انٹر نیشنل ایر پورٹ پہنچے جہاں ریاست کے340عازمین حج کا پہلا دستہ حج کے لئے مدینہ منورہ کو روانہ ہورہا تھا۔ مفتی محمد سعید کے ساتھ ان کی اہلیہ بیگم مفتی سعید ، وزیر حج و اوقاف اے آر ویری، رکن پارلیمنٹ محبوبہ مفتی ، رکن پارلیمنٹ و رکن حج کمیٹی آف انڈیا محمد سلیم انصاری و دیگر موجود تھے ۔ مفتی محمد سعید نے عازمین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا حج بیت اللہ کے لئے بحفاظت روانہ اور کامیابی اور سہل انداز میں مناسک حج کی ادائیگی کے لئے دعا کی ۔ انہوں نے عازمین سے استدعا کی کہ ریاست میں امن و سلامتی اور ترقی کے علاوہ موسم کی سختی سے عوام کو محفوظ رہنے کے لئے دعا کریں ۔ حج ہاؤز اور ایر پورٹ پر بہترین انتظامات کرنے پر عازمین نے مفتی سعید کا شکریہ ادا کیا۔ ریاستی حج کمیٹی کے تقریبا6684عازمین31اگست تک ہر روز روزانہ سری نگر سے مدینہ منورہ تک دو پروازیں اڑان بھریں گی اور 22سے31اگست تک روزانہ ایک پرواز عازمین حج کو ارض مقدس تک پہنچائے گی ۔ 17سے31اگست کے درمیان ہر پرواز میں340عازمین سفر کریں گے ۔ جموں کشمیر حکومت نے عازمین حج کی سہولت کے لئے ایک اعلیٰ سرکاری افسر کو پہلے ہی سعودی عرب میں تعینات کیا ہے جہاں وہ دیگر امور کے علاوہ مرکزی حج کمیٹی اور سعودی حکومت کے مابین رابطہ قائم کرکے عازمین حج کی بلا رکاوٹ کسٹم اور ایمیگریشن کلیرنس کو یقینی بنائیں گے اور مکہ شریف اور مدینہ منورہ کے مقدس شہروں میں عازمین کے قیام و طعام کے بہتر انتظامات کی فراہمی کو بھی یقینی بنائیں گے ۔ بھر سے امسال تقریبا1لاکھ20ہزار فرزندان توحید فریضہ حج ادا کررہے ہیں ۔ جن میں جموں و کشمیر کے6684عازمین بھی شامل ہیں ۔ ملک بھر میں حج پروازوں کے لئے سری نگر سمیت21امبارکیشن پوائنٹ قائم کئے گئے ہیں۔ سری نگر سے مدینہ منطورہ کے لئے تمام براہ راست پروازیں ایئر انڈیا کی جانب سے چلائی جارہی ہیں۔ امسال سامان لے جانے کے لئے نیا طریقہ کار متعارف کیا گیا ہے جس کے تحت ہر عازم کو دو معقول سوٹ کیس فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ سامان اٹھانے میں انہیں کوئی دقت پیش نہ آئے ۔ امسال تقریبا 79ہزار عازمین نے ادائے قربانی کوپن کے حصول کو ترجیح دی ہے ۔ جب کہ عازمین مدینہ منورہ مکہ شریف تک بلٹ ٹرینوں کے ذریعہ سفر کریں گے جو کہ فقط90منٹ کا سفر ہے ۔
سری نگر
یو این آئی
جموں و کشمیر کے عازمین حج کو مقدس شہر مدینہ منورہ لے جانے کے لئے بوئنگ777پہلی مرتبہ سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا۔ ہوائی اڈے کے ایک افسر نے بتایا کہ آج علی الصبح بارش اور خراب موسم کی وجہ سے بوئنگ777کی لینڈنگ میں تھوڑی تاخیر ہوئی ۔ تاہم بعد میں طیارہ آسانی سے اترا ۔ انہوں نے کہا کہ طیارہ 340عازمین حج کو لے کر مقدس شہر کے لئے روانہ ہوا ۔ دریں اثنا ہوائی اڈیے کی انتظامیہ نے عازمین حج کی مدد کے لئے60ورکرس کو کام پر لگا دیا تھا۔ ایک افسر نے بتایا کہ ہم نے عازمین حج کی سہولت کے لئے حج ہاؤز بمنہ اور سری نگر ہوائی اڈے پر تمام انتظامات کئے ہین۔ اسٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن(ایس آر ٹی سی) نے عازمین حج کو حج ہاؤس سے ہوائی اڈے تک لیجانے کے لئے کئی آرام دہ گاڑیوں کو کام پر لگادی ہیں ۔

First batch of 340 Kashmir pilgrims leaves for Hajj

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں