رائٹر
مصر کے صدرعبدالفتاح السیسی نے جمعرات کو ایک رنگا رنگ تقریب میں نہر سوئز کے توسیعی منصوبے کی تکمیل کے بعد اس کا افتتاح کردیا ہے ۔ توسیعی منصوبے کی افتتاحی تقریب نہر سوئز کے کنارے واقع شہر اسماعیلیہ میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ تقریب میں فرانسیسی صدر فرانسو اولاند ، اردن کے شاہ عبداللہ دوم، بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسٰی آل خلیفہ، فلسطینی صدر محمود عباس ، امیر کویت شیخ صباح الاحمد الصباح اور یونانی وزیر اعظم الیکسیس سپراس سمیت متعدد غیر ملکی شخصیات شریک تھیں ۔ نہر سویز کے توسیعی منصوبہ پر8۔5ارب ڈالر لاگت آئی ہے ۔ منصوبہ کی تکمیل کو مصر کے سرکاری میڈیا نے ایک تاریخی کامیابی قرار دیا ہے اور وہ صدر عبدالفتاح السیسی کو ایک قومی ہیرو کے طور پر پیش کررہا ہے ۔ اس توسیعی منصوبہ کے تحت193کلو میٹر طویل نہر سویز کے72کلو میٹر کو گہرا کیا گیا ہے اور اس کے وسط میں ایک متوازی آبی گذر گاہ بنادی گئی ہے اس سے دورویہ آبی ٹریفک کو رواں دواں رکھنے میں مدد ملے گی ۔ نہر سویز کی گہرائی24میٹر (79فٹ) ہوجانے کے بعد اب66فٹ گہرائی والے بحری جہاز بیک وقت دو آبی راستوں میں سفر کرسکیں گے ۔ ابتدائی اندازے کے مطابق اس منصوبہ نے تین سال میں مکمل ہونا تھا لیکن صدر عبدالفتاح السیسی نے اس کو صرف ایک سال میں مکمل کرنے کا حکم دیا تھا ۔ مصری حکومت کا کہنا ہے کہ اس منصوبہ کے لئے تمام رقوم مصری سرمایہ کاروں نے مہیا کی ہیں۔ اس منصوبہ کی تکمیل سے نہر سویز سے حاصل ہونے والی سالانہ آمدنی دگنی ہوجائے گی اور یہ2023تک13ارب 20کروڑ ڈالر ز تک پہنچ جائے گی ۔ تاہم ماہرین معیشت اور جہاز راتوں نے ان اعداد و شمار کو مبالغہ آمیز قرار دیا ہے اور اس منصوبہ کی قدر کے حوالے سے سوال اٹھائے ہیں ۔ انہوں نے کہا ہے کہ مصری حکومت نہر سویز میں جس آبی ٹریفک کے اضافہ کی توقع لگا بیٹھی ہے ، اس کا انحصار عالمی تجارت میں نمایاں اضافے پر ہے اور اس میں تو فی الوقت اچانک غیر معمولی اضافہ ہوتا نظر نہیں آرہا ہے ۔ یاد رہے کہ انسان کی بنائی ہوئی اس آبی گزر گاہ کے ذریعہ بحر احمر اور بحر متوسط (بحر الروم) کو آپس میں ملایا گیا تھا۔ اس کا1869میں افتتاح کیا گیا تھا۔ اس کو مصر کا قومی فخر قرار دیاجاتا رہا ہے اور مصر کے حکومت نواز میڈیا نے عبدالفتاح السیسی کو سابق صدر مرحوم جمال عبدالناصر کے ہم پلہ قومی لیڈر قرار دیا ہے ۔ جمال عبدالناصر نے1956میں اپنے دورِ حکومت میں نہر سویز کو قومیالیا تھا۔ ان کے اس اقدام کو نوآبادیاتی دور سے ناتا توڑ نے کے مترادف قرار دیاگیا تھا۔
Egypt launches Suez Canal expansion
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں