بنکاک کے مندر میں دھماکہ - 27 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-18

بنکاک کے مندر میں دھماکہ - 27 ہلاک

بنکاک
پی ٹی آئی
تھائی لینڈکے دارالحکومت بنکاک میں آج اپنی نوعیت کے پہلے حملے میں ایک پرہجوم علاقہ میں واقع مشہور برہما مندر کے اندر ایک طاقتور دھماکہ ہوا جس سے چار غیر ملکیوں کے بشمول27افراد ہلاک اور117زخمی ہوگئے ۔ اس دھماکہ سے افرا تفری مچ گئی اور لوگ اس مقام سے ادھر ادھر بھاگنے لگے جہاں دھماکہ کے زر اثر کاریں اور موٹر سائکلیں بھی پھٹ پڑیں ۔ حکومت کا خیال ہے کہ اس دھماکہ کا مقصد معیشت اور سیاحت کو نقصان پہونچانا ہے ۔ یہ دھماکہ چڈ لونگ ضلع میں لارڈ برہما سے موسوم ایراون مندر کے اندر ہوا ۔ یہ مندر بنکاک کے ایک تجارتی علاقہ کی سڑک پر واقع ہے ۔ اور اس کے اطراف تین بڑے شاپنگ مالس اور انٹر نیشنل چینس کی بڑی ہوٹلس واقع ہیں ۔ یہ بنکاک کا مقبول سیاحتی مقام ہے جہاں مشرقی ایشیا کے سیاح اور مقامی بدھسٹ کثیر تعداد میں آتے ہیں ۔ تاہم دھماکہ میں کسی ہندوستانی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ دھماکہ سے دہشت اور افراتفری مچ گئی اور مقام پر ہر طرف انسانی اعضا بکھرے ہوئے شیشے نظر آرہے تھے ۔ پولیس چیف نے مہلوکین کی تعداد15بتائی لیکن تھائی لینڈ ٹی وی نے یہ تعداد27بتائی۔ مزید ہلاکتوں کا اندیشہ ہے کیوںکہ زخمیوں کی تعداد کافی زیادہ ہے ۔ چار مہلوک غیر ملکیوں میںسے دو کی شناخت چینی شہریوں اور ایک فلپائنی کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق شام 6بج کر55منٹ پر ہوا۔ کسی بھی گروپ نے حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن جنوبی تھائی لینڈ میں سر گرم عمل علیحدگی پسندوں اور بنکاک میں اقتدار کے لئے لڑنے والے سیاسی گروپوں پر شبہ ظاہر کیاجارہا ہے ۔ یہ بم مندر کے احاطہ میں جالیوں کے قریب رکھا گیا تھا ۔ مندر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ۔ وزیر دفاع نے بتایا کہ یہ ایک ٹی این ٹی بم تھا۔ جن لوگوں نے یہ کارروائی کی ہے ان کا نشانہ غیر ملکی تھے اور وہ سیاحت اور معیشت کو دھکا پہونچانا چاہتے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ بم پانچ کلو ٹی این ٹی دھماکو اشیا سے بنا تھا۔ اس دھماکہ کا اثر 40کلو میٹر کے علاقہ میں ہوا ۔ بنکاک پوسٹ نے پولیس کے حوالہ سے کہا کہ اسی علاقہ میں آفیسرس نے کم از کم دو بموں کو ناکارہ بنایا۔ سیکوریٹی عہدہ داروں نے تحقیقات کے سلسلے میں200 تا300میٹر کے احاطہ کی گھیرا بندی کردی ہے ۔ تھائی لینڈ کے وزیر اعظم پر ایوت چان اوچا نے ان افواہوں کی تردید کی ہے کہ انہوں نے ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے اور تمام اسکولوں اور کاروباری اداروں کو منگل کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے ۔ بنکاک میں بم حملے شاذو نادر ہی ہوئے ہیں ۔ 2012ء میں بنکاک میں سلسلہ وار بم دھماکوں میں پانچ افراد زخمی ہوئے تھے ۔ اس دوران اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ فی الحال یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ یہ دہشت گرد کاروائی ہے ۔

Bomb blast outside Hindu temple in Bangkok leaves at least 27

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں