بی جے پی بھی کانگریس کی طرح انتقام کی راہ پر گامزن - ملائم سنگھ یادو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-06

بی جے پی بھی کانگریس کی طرح انتقام کی راہ پر گامزن - ملائم سنگھ یادو

لکھنو
یو این آئی
سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو نے آج الزام عائد کیا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت، اپوزیشن کے خلاف انتقام کا راستہ اختیار کررہی ہے جس طرح سابق کانگریس حکومت نے کیا تھا اور جس کے نتیجہ میں اسے مرکز میں اقتدار سے ہاتھ دھونا پڑا ۔ انہوں نے یہاں سماجی قائد جانیشور مشرا کے83ویں یوم پیدائش کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کی سابق کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت نے مجھے لالو جی اور جیہ للیتا کو ماخوذ کیا تھا۔ علاوہ ازیں ان کے کرپشن اور بے جا حکمرانی نے بی جے پی کو مرکز میں برسر اقتدار آنے کا موقع فراہم کیا، لیکن بی جے پی کے اقداماتبھی کانگریس کے مماثل ہیں اور وہ بھی اپوزیشن قائدین کو ماخوذ کرنے کی راہ پر گامزن ہے ۔ یادو نے پارٹی کے لئے مشن2017کا آغاز کرنے ایک سائیکل ریالی کو جھنڈی بھی دکھائی ۔ انہوں نے کہا کہ میں صرف اتنا کہہ سکتا ہون کہ اگر بی جے پی اپوزیشن قائدین کو ماخوذ کرنے کی راہ پر گامزن رہے تو مرکز میں ان کا دور مختصر ہوجائے گا ۔ سی بی آئی نے کل داغدار یادو سنگھ کی قیامگاہوں اور دیگر مقامات پر دھاوے کئے تھے، جس کے بعد سماج وادی پارٹی قائد نے یہ تبصرہ کیا ہے۔ حکومت اتر پردیش نے اس معاملہ کی سی بی آئی تحقیقات کی مخالفت کی تھی جس کا الہ آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا تھا۔ سماج وادی پارٹی سربراہ نے اتر پردیش کے حالات پر تبصرہ کیا اور کہا کہ صرف صاف ستھری شبیہ رکھنے والے قائدین کو اسمبلی و قانون ساز کونسل کے انتخابات کے لیے ٹکٹ دیا جائے گا۔ انہوں نے چیف منسٹر اکھلیش یادو کو تجویز پیش کیا اور وہ آزادانہ و منصفانہ پنچایت انتخابات کا انعقاد عمل میں لائیں۔ ایس پی لیڈ ر رام گوپال یادو اسمبلی انتخابات کے امید وار بننے کے خواہشمند افراد کے بارے میں جانچ پڑتال کررہے ہیں ۔ یادو نے ریاستی وزراء پر تنقید کی اور عوام سے کہا کہ وہ یہ بتائیں کہ یہ وزراء اپ نے حلقوں میں موثر طور پر کام کررہے ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں56وزراء ہیں اور عوام کی خدمت کرنا ان کا فرض ہے ۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ پنچایت انتخابات سے کونسل اور اسمبلی انتخابات میں پارٹی کا مستقبل واضح ہوجائے گا ، ملائم سنگھ یادو نے کہا کہ قائدین کو پنچایت انتخابات میں صرف صاف ستھری شبیہ رکھنے والے امید وار کی تائید کرنی چاہئے، تاکہ وہ کونسل اور اسمبلی کے انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی حمایت کرسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں بائیں بازو جماعتوں نے پنچایتوں میں اپنی طاقت کے بل بوتے پر 34سال تک حکومت کی لیکن جب وہ پنچایت انتخابات ہار گئے تو انہیں ریاستی حکومت سے بے دخل ہونا پڑا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں