راجیو گاندھی ٹرسٹ کو اراضی کی فروختگی پر سمرتی ایرانی کا سوال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-24

راجیو گاندھی ٹرسٹ کو اراضی کی فروختگی پر سمرتی ایرانی کا سوال

امیٹھی
پی ٹی آئی
راہول گاندھی کے پارلیمانی حلقہ میں ان پر حملہ کرتے ہوئے مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے آج ایک سائیکل فیکٹری کی زمین راجیو گاندھی ٹرسٹ کو فروخت کرنے پر تشویش کا اظہار کیا تاہم کانگریس نے ان کے الزام کو بے بنیاد بتا کر مسترد کردیا ۔ کانگریس نائب صدر کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے بی جے پی لیڈر جو یہاں ایک ریالی سے خطاب کررہی تھیں ، نے دعویٰ کیا کہ گاندھی خاندان امیٹھی کی ترقی کے وعدوں میں ناکام ہوچکا ہے اور اسے ایک ریلوے لائن حاصل کرنے کے لئے آج تک انتظار کرنا پڑا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سائیکل فیکٹری تعمیر کرنے کے لئے حاصل کی گئی کسانوں کی65ایکڑ زمین کو اس سال24فروری کو راجیو گاندھی ٹرسٹ کو فروخت کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی اس بارے میں بات کرنے کی ہمت نہیں رکھتا تاہم اس معاملہ کے دستاویزات موجود ہیں ۔ کانگریس نائب صدر پر حملہ کرتے ہوئے ایرانی نے کہا کہ وہ حصول اراضی بل کے بارے میں کہہ رہے ہیں کہ وہ کسی کو ایک انچ زمین حاصل نہیں کرنے دیں گے، ایسا لگتا ہے کہ وہ یہ زمین خود حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔ ایرانی کے اس بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس لیڈر ابھیشیک سنگھوی نے کہا کہ مجھے سمراٹ سائیکل کمپنی کو بند کرنے اور عدالت کے حکم کے تحت اس کی زمین کو ہراج کرنے کے درمیان کوئی تعلق نظر نہیں آتا ۔ یہ غیر ذمہ دارانہ بیان ہے ۔ ایرانی نے راہول پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مودی کا نام لینے کے بجائے تعلیم، روزگار اور دیگر موضوعات پر بات کرنی چاہئے ۔ کانگریس حکومت نے جو کچھ60سال میں کیا، مودی حکومت نے وہی کام صرف ایک سال میں کیا۔ راہول کے بارے میں بات کرتے ہوئے ایرانی نے کہا کہ وہ بولتے ہیں، کچھ کرتے نہیں ہیں، لیکن ہم وعدے پورے کرتے ہیں ۔ پھر انہوں نے مودی حکومت کی کامیابیاں گنوائیں ۔ یاد رہے کہ پچھلے پارلیمانی الیکشن میں ایرانی کو اسی حلقہ میں راہول گاندھی کے مقابلہ ہار کا سامنا کرنا پڑا۔

Smriti Irani hurls accusations at Congress in Amethi, questions land sale to Rajiv Gandhi Trust

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں