مہارشٹرا میں بھی اقلیتوں کی موثر نمائندگی کرنے مجلس کا عزم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-23

مہارشٹرا میں بھی اقلیتوں کی موثر نمائندگی کرنے مجلس کا عزم

حیدرآباد
اعتماد نیوز
مجلس اتحاد المسلمین مہاراشٹرا میں اقلیتوں و دیگر پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے تلنگانہ کی طرز پر مختلف سطح سے نمائندگیاں کرے گی۔ مہاراشٹرا اسمبلی میں اورنگ آباد (سنٹرل) حلقہ سے مجلس کے رکن امتیاز جلیل کی قیادت میں ایک وفد کی آج صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی سے ملاقات کے موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا ۔ اس ملاقات میں مہاراشٹرا مجلس کے ایک اور قائدغفار قادری بھی موجود تھے ۔ بیرسٹر اویسی نے کہا کہ مجلس نے ریاست تلنگانہ میں اقلیتوں و دیگر پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے حکومت سے کامیاب نمائندگیاں کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں تعلیم یافتہ مسلم نوجوانوں کو بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے لئے فی کس 10لاکھ روپے کی رقم منظور کی گئی ہے ۔ پہلے مرحلہ کے طور پر258درخواست گزار طلبہ کو منتخب کیا گیا اور مزید197کی درخواستیں منظور ی کے مراحل میں ہیں ۔ شادی مبارک اسکیم کے ذریعہ اقلیتی لڑکیوں کو51ہزار روپے کی امداد دی جارہی ہے جو درخواست گزار کے کھاتہ میں راست طور پر جمع کردی جائے گی۔ معاشی طور پر سہارا فراہم کرنے بڑے پیمانے پر قرض دئیے جارہے ہیں۔ اس قرض کی نصف رقم بطور سبسیڈی حکومت ادا کررہی ہے ۔ خواتین کو با اختیار بنانے اور معاشی سہارا دینے کے لئے بھی اسکیمات وضع کی گئی ہیں ۔ مجلس کی نمائنزدگی پر چار فیصد مسلم تحفظات کو نئی ریاست میں بھی لاگو کیا گیا ہے ۔ مسلمانوں کے لئے محفوظ مخلوعہ جائیدادوں کا بیاک لاگ بھی ختم کیاجارہا ہے ۔ محکمہ اقلیتی بہبود تلنگانہ کی جانب سے اقلیتی کارپوریشن کے توسط سے شروع کی گئی مختلف اسکیمات سے صدر م جلس نے مہاراشٹرا کے مجلسی رفقاء کو واقف کروایا اور ان سے کہا کہ وہ مہاراشٹرا حکومت سے موثر نمائندگی کرتے ہوئے اقلیتوں کے لئے فلاحی اسکیمات و پروگرامس شروع کریں ۔ تلنگانہ کے مقابل مہاراشٹرامیں اقلیتوںکی آبادی کا تناسب زیادہ ہے ۔ مہاراشٹرا کے کئی علاقوں بشمول مرہٹواڑہ میں مسلمان کافی پسماندہ ہیں ۔مہاراشٹرا کے مجلسی قائدین نے کہا کہ وہ اس خصوص میں حکومت سے موثر نمائندگی میں کوئی کسر نہیں رکھ چھوڑیں گے ۔ مہاراشٹرا کے مجلسی وفد نے قائد مجلس لیجسلیچر پارٹی جناب اکبر الدین اویسی اور مجلس کے دیگر قائدین سے بھی ملاقاتیں کیں۔

commitment of AIMIM for representation of minorities in Maharashtra

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں