تاریخی شہر حیدرآباد کے عوام کا مذاق اڑانے پر کے سی آر برہم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-23

تاریخی شہر حیدرآباد کے عوام کا مذاق اڑانے پر کے سی آر برہم

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے حیدرآباد کی تہذیب و تمدن کو تاریخی اور منفرد قراردیا ۔ آج رویندر ا بھارتی میں معروف تلگو شاعر داسر تھی کرشنم چاری کی91ویں یوم پیدائش تقاریب سے خطاب کتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام خوش قسمت ہیں کہ انہیں حیدرآباد جیسا تاریخی تہذیب یافتہ شہر بطور صدر مقام حاصل ہوا ۔ گزشتہ روز، چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابونائیڈو کی جانب سے حیدرآباد کو غیر تہذیب یافتہ اور حیدرآبادی عوام کو سست اور کاہل قرار دئیے جانے اور حیدرآبادی عوام کو حرکیاتی اور کارکرد بنانے کا سہرا بانی تلگودیشم پارٹی این ٹی راما راؤ کے سر باندھنے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کو اختیار ہے کہ وہ آندھر اپردیش کے لئے عصری سہولتوں سے لیس صدر مقام تعمیر کریں مگر انہیں قطعی حق نہیں ہے کہ وہ تلنگانہ اور حیدرآباد کی تہذب کو نیچا دکھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی تہذیب و تمدن ساری دنیا میں مثالی ہے اور چندرا بابو نائیڈو اپنے زیر تعمیر صدر مقام امراوتی سے تقابل نہیں کرسکتے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے چندرا بابو نائیڈو کو اپنے کام سے کام رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر مستقبل میں پھر اس طرح کے بیانات دئیے گئے تو انہیں منہ توڑ جواب دیا جائیگا ۔ کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ کے شعراء و ادیبوں سے خواہش کی کہ وہ اپنے کام کے ذریعہ تلنگانہ کی عظیم تہذیب کو فروغ دیں اور چندرا بابو نائیڈو کے الزامات کی نفی کریں ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ حکومت تلنگانہ کی تہذیب و تمدن کو فروغ دینے کے لئے ممکنہ اقدامات کرے گی ۔ قبل ازیں کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے استاد محترم تروملا سرینواس چاریہ کو داسرتھی ایوارڈ( جو ایک لاکھ116روپے پر مشتمل ہے) حوالہ کتے ہوئے شال پوشی کی ۔ اس موقع پر اسپیکر اسمبلی مدھو سدن چاری، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی ، ڈاکٹر سی نارائن ریڈی ، کے وی رمنا چاری و دیگر موجود تھے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں