ویاپم اسکام - ٹرینی خاتون سب انسپکٹر کی مشتبہ موت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-07

ویاپم اسکام - ٹرینی خاتون سب انسپکٹر کی مشتبہ موت

بھوپال، نئی دہلی
پی ٹی آئی
چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیو راج سنگھ چوہان پر ویاپم اسکام کے سلسلہ میں آج مزید برہمی بڑھ گئی جب کہ ریاستی بورڈ کی جانب سے بھرتی کی گئی ایک خاتون ٹرینی سب انسپکٹر کی نعش آج ایک جھیل میں پائی گئی ۔ کانگریس نے اس پر فوری شدید برہمی ظاہر کرتے ہوئے چیف منسٹر کو فوری طور پر برطرف اور غیر جانبدار انہ جانچ کروانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ گزشتہ دو دن سے اسکام سے جڑی اموات میں ایک اور اضافہ اس وقت ہوا جب ٹرینی سب انسپکر انامیکا سکروار کی نعش ضلع ساگر کے پولیس ٹریننگ اکیڈیمی سے متصل جھیل میں پائی گئی ۔ دو دن قبل ہی ویاپم اسکام کی جانچ میں مصروف صحافی اکشئے سنگھ کی مشتبہ موت ضلع جھابوا میں ہوئی جب کہ گزشتہ روز جبل پور میڈیکل کالج کے ڈین ارون شرما کی نعش جنوبی مغرب دہلی کے دوارکا میں واقع ہوٹل میں پائی گئی ۔ ساگر سٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس گوتم سولنکی نے کہا کہ انہیں شبہ ہے کہ انامیکا کی موت خود کشی کا معاملہ ہے ۔ اس کا انتخاب ویاپم کی جانب سے منعقدہ امتحان کی بنیاد پر سب انسپکٹر کی حیثیت سے کیا گیا لیکن پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس کے انتخاب کا ویاپم اسکام سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی وہ مشتبہ استفادہ کنندگان میں شامل تھی ۔ چیف منسٹر نے بھی فوری طور پر اس واقعہ کا ویاپم جانچ سے تعلق ہونے کی تردید کی ہے ۔ چوہان نے کہا کہ یہ بدبختانہ واقعہ ہے لیکن وہ پوری ذمہ داری سے کہتے ہیں کہ اس افسوسناک واقعہ کا ویاپم یا اس کی جانچ سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ ایسے تمام افسوسناک واقعات کو ویاپم سے جوڑنا درست نہیں ہے ۔ کانگریس نے جو پہلے ہی سپریم کورٹ کی زیر نگرانی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کررہی ہے، چوہان پر تنقید میں شدت پیدا کرتے ہوئے انہیں بر طرف کردینے کا مطالبہ کیا تاکہ غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائی جاسکیں ۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ چوہان45اموات کی ذمہ داری سے دامن نہیں بچا سکتے ، انہیں بر طرف کیاجانا چاہئے اور اسکام کی غیر جانبدارانہ جانچ ہونی چاہئے ۔ پارٹی کے ایک اور ترجمان پی سی چاکو نے کہا کہ چوہان کے قریبی افراد بشمول افراد خاندان کے خلاف سنگین الزامات ہیں۔ اگر وہ خود کو شفاف سمجھتے ہیں تو انہیں معاملہ کی سی بی آئی جانچ کے لئے کہنا چاہئے ۔ کانگریس جنرل سکریٹی ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ خاتون ٹرینی سب انسپکٹر کی موت کا تعلق اسکام سے ہے۔ مدھیہ پردیش پیشہ وارانہ امتحانات بورڈ کی جانب سے تقررات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے اس اسکام سے کسی نہ کسی طرح جڑے45افراد کی تا حال موت ہوچکی ہے ، جن میں میڈیکل کالج 2ڈین شامل ہیں ۔ ٹی وی صحافی اکشئے سنگھ کی موت ہفتہ کو مشتبہ حالت میں اس وقت ہوئی جب کہ اس نے اسکینڈل میں ملوث ہونے کا الزام لگنے کے بعد مردہ پائی گئی ایک لڑکی کے والدین کا انٹر ویو لیا تھا۔ سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے زور دے کر کہا کہ مزید کوئی غیر فطری موت ہونے سے قبل ہی مدھیہ پردیش حکومت کو سی بی آئی جانچ کی سفارش کرنا چاہئے ۔ پولیس نے بتایا کہ25سالہ انا میکا شادی شدہ تھیں ، وہ ضلع مورینا کی رہنے والی تھی، جو گھر سے لاپتہ تھی ، بعد میں اس کی نعش جھیل میں پائی گئی ۔ پولیس نے اکیڈیمی میں اس کا کمرہ مقفل کردیا ہے جہاں سے کوئی خود کشی نوٹ برآمد نہیں ہوا۔ ویاپم اسکام میں تا حال کئی ملزمین اور گواہ مشتبہ حالت میں مردہ پائے گئے ہیں ، جن میں سب سے بڑی شخصیت مدھیہ پردیش کے گورنر رام نریش یادو کے بیٹے شیلش یادو کی تھی۔50سالہ شیلش لکھنو کے مال ایونیو علاقہ میں اپنے باپ کی رہائش گاہ میں اس سال25مارچ کو مردہ پایا گیا ۔ رام نریش یادو جو اتر پردیش کے سابق چیف منسٹر رہ چکے ہیں ، خود بھی اسکام میں ملزم تھے ، تاہم عدالت نے انہیں راحت دی ہے ۔
نئی دہلی سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ ویاپم اسکام سے متعلق سلسلہ وار اموات کی سی بی آئی جانچ کے مطالبہ کو یکسر مسترد کردیا ہے اور کہا کہ خصوصی جانچ ٹیم (ایس آئی ٹی) کی جانب سے جاری تحقیقات پر شبہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ سنگھ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی ٹی پہلے ہی اس معاملہ کی جانچ میں مصروف ہے ۔ اس سلسلہ میں یہ یاد رکھنا چاہئے کہ ایس آئی ٹی مدھیہ پردیش کی حکومت کو رپورٹ نہیں دے رہی ہے بلکہ راست طور پر ہائی کورٹ کو دے رہی ہے۔ اس پس منظر میں ہم مداخلت کی ضرورت محسوسنہیں کتے۔انہوں نے کہا کہ سی بی آئی جانچ کا مطالبہ نیا نہیں ہے ۔ اس سے قبل بھی سپریم کورٹ میں مفاد عامہ کی ایک درخواست داخل کرتے ہوئے اس کی خواہش کی گئی تھی تاہم یہ درخواست مسترد کردی گئی ۔ عدالت نے احساس ظاہر کیا ہے کہ اسی آئی ٹی معاملہ کی جانچ کررہی ہے اور براہ راست ہائی کورٹ کو رپورٹ دے رہی ہے ۔ وزیر داخلہ نے آج تک کے ٹی وی رپورٹر اکشئے سنگھ کی موت پر دلی دکھ کا اظہار کیا۔
پی ٹی آئی کی ایک اور اطلاع کے مطابق ویاپم اسکام پر منہ پھٹ وزیر اعظم کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے سی پی آئی ایم نے آج بی جے پی زیر قیادت حکومت پر جرم اور کرپشن کی حوصلہ افزائی کرنے کا الزام لگایا اور اس معاملہ کی سپریم کورٹ کی نگرانی میں سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی نے یہ بھی کہا کہ وہ6بائیں بازو جماعتوں کی جانب سے20جولائی کو ہونے والے ملک گیر احتجاج کے دوران یہ مسئلہ اٹھائے گی اور اسے پارلیمنٹ کے مانسون سشن میں بھی اٹھایا جائے گا۔ سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے صحافیوں کو بتایا کہ افسوس کی بات تو یہ ہے کہ عام طور پر منہ پھٹ واقع ہونے والے وزیر اعظم مودی خاموش ہیں ۔ کچھ بھی بات ہو وہ ٹویٹ کرتے ہیں لیکن اس پورے معاملہ پر انہوں نے ایک بھی لفظ نہیں بولا۔

Vyapam Scam: Woman Cop Found Dead in Lake in Madhya Pradesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں