وزیر اعظم نریندر مودی کی چھ قومی دورہ پر ازبکستان آمد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-07

وزیر اعظم نریندر مودی کی چھ قومی دورہ پر ازبکستان آمد

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی آج پانچ وسطی ایشیائی ممالک کے آٹھ روزہ دورہ کے لئے پہلے مرحلہ میں ازبکستان پہنچ گئے۔ ان میں روس کا دورہ بھی شامل ہے اس دورہ کا مقصد حکمت عملی ، معاشی اور توانائی تعلقات کو فروغ دینا اور برکس وشنگھائی تعاون تنظیم کی چوٹی کانفرنسوں میں شرکت کرنا ہے ۔ وزیر اعظم کے دورہ کا آغاز ازبکستان سے ہوا جہاں سے وہ کل قازقستان جائیں گے ۔ ازبکستان آمد پر وہاں کے وزیر اعظم شوکت میر مونو وچ اور ان کے کابینی رفقاء نے مودی کا خیر مقدم کیا۔ مودی نے تاشقند پہنچنے کے فوری بعد انگریزی اور ازبک زبان میں ٹوئٹر پیام میں کہا "ہیلو ازبکستان میں تاشقند میں گرمجوشانہ خیر مقدم کرنے پر وزیر اعظم شوکت میر مونووچ کا شکر گزار ہوں ۔ یہاں پہنچ کر بہت اچھا محسوس ہورہا ہے ۔"مودی8جولائی کو روس کا دورہ کریں گے ۔10جولائی کو ترکمنستان جائیں گے،11جولائی کرغیزستان اور12جولائی تاجکستان کا دورہ کریں گے ۔ شنگھائی تعاون تنظیم کی چوٹی کانفرنس روس میں منعقد ہوگی جس میں ہندوستان کو اس چھ قومی گروپ کی ممبر شپ عطا کی جائے گی جو چین ، روس، قازقستان، کرغیزستان، ازبکستان اور تاجکستان پر مشتمل ہے ۔ اس گروپ کی رکنیت حاصل کرنا بھی اس دورہ کا اہم مقصد ہے۔ فی الحال ہندوستان کو صرف مبصر کا موقف حاصل ہے ۔ برکس چوٹی کانفرنس میں دنیا کی اہم معیشتیں اقتصادی شعبہ میں تعاون کو بڑھانے اور مقامی کرنسی میں تجارت کے امکانات پر غوروبحث کریں گی ۔ اس گروپ میں برازیل، روس، ہندوستان ،چین اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔ برکس ڈیولپمنٹ بینک پہلے ہی قائم ہوچکا ہے ۔ اس چوٹی کانفرنس میں مقامی کرنسی میں قرض کی سہولت کے امکانات کا جائزہ لیاجاسکتا ہے ۔ اس بینک کے پہلے صدر ہندوستانی بینکار کے وی کامت ہیں ۔ پانچ وسطیٰ ایشیائی ممالک کے دورہ کے دوران جو کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا ان تمام ممالک کا ایک ساتھ پہلا دورہ ہوگا ، تجارت کو بڑھانے پر توجہ دی جائے گی جو فی الحال متاثر کن نہیں ہے ۔ اس کے علاوہ توانائی اور سیکوریٹی میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ وزارت خارجہ نے گزشتہ ہفتہ یہ بات بتائی تھی ۔ اس کے علاوہ ترکمنستان۔ افغانستان۔ پاکستان ۔ ہندوستان( تاپی) پراجکٹ کو آگے بڑھانے کی بھی کوشش کی جائے گی جو ہندوستان کی توانائی ضروریات کے لئے اہمیت کا حامل ہے ۔ اس پراجکٹ کے تحت وسطی ایشیا ء سے ہندوستان کو گیس منتقل کی جائے گی ۔ ممالک کے درمیان ارتباط کے فقدان کی وجہ سے اس میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے

PM Narendra Modi Leaves on 6-Nation Visit, to Attend BRICS, SCO Summits

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں