شام میں خود کش حملہ - 25 فوجی ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-08

شام میں خود کش حملہ - 25 فوجی ہلاک

دبئی
یو این آئی
ملک شام کے شہر حلب میں ایک فوجی اڈے پر النصرہ فرنٹ کے خود کش حملے میں صدر بشار الاسد کے وفادار25فوجیوں اور جنگجوؤں کی موت ہوگئی۔ حقوق انسانی کی تنظیم سیرین آبزرویٹری فارہیومن رائٹس کے ڈائرکٹر رمی عبدالحمن نے بتایا کہ کار پر سوار خود کش حملہ آور نے الزہرہ میں واقع ایک یتیم خانہ کے باہر خود کو دھماکہ سے اڑا لیا ۔ اس حملے میں25فوجی مارے گئے ۔ النصرہ فرنٹ شام میں القاعدہ کی شاخ ہے ۔ گروپ نے بتایا کہ اس سے پہلے اسد کے وفادار فوجیوں اور باغی فورسس کے درمیان لڑائی ہوئی۔ النصرہ فرنٹ کے ایک خود کش بمبار نے حکومت کے زیر اثر علاقہ میں واقع ایک فوجی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔ رامی عبدالرحمان نے بتایا کہ حملہ آور ایک گاڑی میں سوار تھا اور اس نے الزہرہ کے علاقے میں ایک ایسے یتیم خانے کی عمارت کے سامنے دھماکہ کیا جسے سرکاری افواج اڈے کے طور پر استعمال کرتی ہیں۔ اس گروپ کے مطابق خود کش حملے کے بعد باغیوں اور سرکاری افواج میں شدید جھڑپیں بھی ہوئی ہیں ، جن میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ النصرہ ان13اسلام پسند تنظیموں میں سے ایک ہے جنہوں نے جمعرات کو ایک مشترکہ حملے میں حلب کے شمالی حصے پر قبضہ کیا ہے ۔ اس وقت حلب شہر کے مغربی علاقے پر شام کی حکومتی افواج کا کنٹرول ہے جب کہ مشرقی علاقے باغیوں کے زیر اثر ہیں ۔ باغیوں نے گزشتہ ہفتے مغربی علاقوں پر قبضہ کرنے کے لئے کارروائی شروع کی تھی جس کے جواب میں شامی افواج کی جانب سے شدید بمباری کی گئی تھی ۔ خیال رہے مارچ2011میں شام کے صدر بشار الاسد کے خلاف بغاوت کے آغاز کے بعد سے شام کی خانہ جنگی میں اب تک دو لاکھ تیس ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ اس دوران عراق و شام میں سر گرم شدت پسند گروپ اسلامی ریاست نے شمالی عراق کے موصل شہر کے مختلف اضلاع سے111اسکولی بچوں کو اغوا کرلیا ہے ۔ عراق کے عربی زبان کے نیوز چینل الشماریہ نے کردستان ڈیمو کریٹ پارٹی کے ترجمان سعید ماموزنی کے حوالے سے بتایا کہ اغوا کئے گئے بچوں میں زیادہ تر کی عمر دس تا پندرہ سال ہے جنہیں آئی ایس کے تعلیمی اور فوجی مراکز میں تربیت کے لئے بھیج دیا گیا ہے ۔

Al-Nusra suicide bombing kills 25 soldiers in Syria's Aleppo

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں