یعقوب میمن کی مدافعت میں سلمان خان کے ٹوئٹس پر ہنگامہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-27

یعقوب میمن کی مدافعت میں سلمان خان کے ٹوئٹس پر ہنگامہ

ممبئی
پی ٹی آئی
بالی ووڈ سوپر اسٹار سلمان خان نے آج ممبئی بم دھماکوں کے خاطی یعقوب میمن کو جسے30جولائی کو پھانسی ہونی ہے بے قصور قرار دیتے ہوئے ہنگامہ برپا کردیا لیکن بعد ازاں وہ سیاسی جماعتوں اور سوشل میڈیا کی برہمی کے بعد اپنے ٹوئٹس واپس لینے اور غیر مشروط معذرت خواہی پر مجبور ہوگئے ۔ اپنی فلم بجرنگی بھائی جان کی زبردست کامیابی کی لہر پر سوار49سالہ اداکار نے آج علی الصبح تقریبا 2بجے لگ بھگ 12ٹوئٹس کئے جن میں انہوں نے کہا کہ اپنے بھائی ٹائیگر میمن کے جرائم کے لئے ایک غلط آدمی کو پھانسی دی جارہی ہے ۔ اداکار نے ٹائیگر میمن کو لومڑی قرار دیا جو فرار ہوگیا۔ اداکار نے ٹوئٹ کیا کہ ٹائیگر میمن کو پکڑئیے، اسے پھانسی دیجئے ، اس کے بھائی کو نہیں ۔ ٹائیگر میمن سمجھاجاتا ہے کہ پاکستان میں ہے۔ وہ 1993کے ممبئی بم دھماکوں کا اصل مشتبہ ملزم ہے جن میں275افراد ہلاک اور1400زخمی ہوئے تھے ۔ خان نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر چند دن سے ٹوئٹ کرنا چاہتے تھے لیکن گھبرا رہے تھے ۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ میں تین دن سے ٹوئٹ کرنا چاہ رہا تھا لیکن گھبرا رہا تھا کیونکہ یہ ایک آدمی کے خاندان کا معاملہ ہے ۔ بھائی کو پھانسی مت دیجئے بلکہ اس لومٹری کو پھانسی دیجئے جو فرار ہے۔ اداکار نے کہا کہ ایک بے قصور آدمی کی ہلاکت انسانیت کی ہلاکت ہے ۔ سلمان کے ٹوئٹس پر ہنگامہ برپا ہوگیا اور انہیں قابل اعتراض قرار دیا گیا۔ بی جے پی کارکنوں نے باندرہ میں خان کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کیا ۔ بی جے پی اور اس کی حلیف شو سینا نے2002کے ہٹ اینڈ رن کیس میں اداکار کو منظورہ ضمانت کی منسوخی کا بھی مطالبہ کیا ۔ شیو سینا ترجمان منیشا کینڈے نے سلمان کو ملک دشمن تک کہہ ڈالا۔ 1993ممبئی بم دھماکے کیس کے اسپیشل پراسیکوٹراجول نکم نے یعقوب کی مدافعت میں سلمان کے ٹوئٹس پر سخت اعتراض کیا اور کہا کہ اداکار کو انہیں واپس لینا ہوگا۔ پی ٹی آئی سے بات چیت میں نکم نے کہا کہ سلمان خان کے ٹوئٹس انتہائی قابل اعتراض ہیں اور یہ ہندوستانی عدلیہ کی امیج کی نفی کی کوشش ہیں ۔ ٹاڈا جج پی ڈی کوڈے نے جنہوں نے یعقوب کو پھانسی کی سزا سنائی ، کہا کہ سلمان کے ٹوئٹس ، اداکار کی اپنی رائے ہیں اور ہر کسی کو اپنی رائے دینا کا حق ہے کیونکہ یہ اظہار رائے کی آزادی کے حق کے تحت آتا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ یہ ٹوئٹس کتنے بامعنی ہیں ۔ اپنے سابقہ ٹوئٹس حذف کرتے ہوئے سلمان نے کہا کہ ان کے والد سلیم خان نے ان سے کہا کہ انہیں اپنے ٹوئٹس واپس لینے چاہئیں کیونکہ اس سے بڑی غلط فہمی پیدا ہونے کا اندیشہ ہے ۔ بالی ووڈ کے سینئر اسکرپٹ رائٹر سلیم خان نے کہا کہ ان کے لڑکے کو مسئلہ کی جانکاری نہیں اور لوگوں کو انہیں سنجیدگی سے نہیں لینا چاہئے ۔ انہوں نے سوپر اسٹار کے سابقہ ریمارکس کو مضحکہ خیز اور بے معنی قرار دیا ۔ سلمان نے کہا کہ میرے والد نے مجھے فون کیا اور مجھ سے کہا کہ میں اپنے ٹوئٹس واپس لوں کیونکہ اس سے بڑی غلط فہمیاں پھیل سکتی ہیں لہذا میں انہیں واپس لے رہا ہوں۔ غیر ارادی طور پر پیدا ہونے والی کسی بھی غلط فہمی کے لئے میں غیر مشروط معذرت خواہی کرنا چاہوں گا ۔ سلمان نے شام میں سلسلہ وار ٹوئٹس میں یہ بات کہی ۔ اداکار نے یہ بھی کہا کہ وہ ان لوگوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں جنہوں نے ان کے ٹوئٹس کو مخالف مذہب قرار دیاہے ۔ میں نے ہمیشہ تمام مذاہب کا احترام کیا ہے اور کرتا رہا ہوں گا ۔ میں نے ٹوئٹ کیا تھا کہ ٹائیگر میمن کو اس کے جرائم کے لئے سولی ہونی چاہئے ۔ میں ا پنی اس بات پر قائم ہوں ۔ میں نے اصل میں کہا تھا کہ یعقوب میمن کو ٹائیگر میمن کے جرائم کے لئے پھانسی پر نہیں لٹکانا چاہئے ۔ میں نے یہ نہیں کہا کہ یعقوب میمن بے قصور ہے ۔ مجھے اپنے ملک کے نظام عدلیہ پر پورا بھروسہ ہے ۔ اداکار نے مزید کہا کہ ممبئی بم دھماکوں میں کئی جانیں گئیں اور میں نے بارہا کہا ہے کہ ایک بے قصور کی جان کا نقصان پوری انسانیت کے نقصان کے برابر ہے ۔ اداکار نے جس کے ٹوئٹر پر13.1ملین فالور ہیں، پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف سے بھی درخواست کی کہ وہ ٹائیگر میمن کو اگر وہ ان کے ملک میں ہے تو ہندوستان بھیج دیں ۔

Salman Khan faces criticism for tweets supporting Yakub

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں