ہندوستان کی مداخلت کا مسئلہ اقوام متحدہ میں اٹھانے پاکستان کا غور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-01

ہندوستان کی مداخلت کا مسئلہ اقوام متحدہ میں اٹھانے پاکستان کا غور

اسلام آباد
پی ٹی آئی
پاکستان اپنے داخلی امور میں مبینہ مداخلت پر ہندوستان کو اقوام متحدہ میں گھسیٹنے پر غور کررہا ہے ۔ اس کے اس اقدام کی بنیاد وہ نیوز رپورٹ ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہندوستان ، کراچی میں ہنگاموں کے لئے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو فنڈس اور ٹریننگ دے رہا ہے ۔ پاکستان کی سفیر برائے اقوام متحدہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی ، حکومت سے بات چیت کے لئے اسلام آباد آئی ہوئی ہیں ۔ سرکاری عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ بی بی سی کی ایک حالیہ رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ ایم کیو ایم کو جس کا پاکستان کے تجارتی دارالحکومت کراچی پر کنٹرول ہے ، ہندوستان نے فنڈس فراہم کئے ہیں ۔ ہندوستان اس دعویٰ کو پوری طرح بے بنیاد قرار دے کر خارج کرچکا ہے ۔ ایم کیو ایم نے بھی ہندوستان سے فنڈس ملنے کی تردید کی ہے۔اس کے بانی و سربراہ الطاف حسین نے بی بی سی کے دعویٰ کو پوری قوت سے مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ ہندوستان کی خفیہ تنظیم”را” سے ان کی پارٹی کا کوئی تعلق نہیں ۔ پاکستان نے باقاعدہ تحقیقات شروع کردی ہے اور اس نے بی بی سی رپورٹ کی تفصیلات کے تعلق سے حکومت برطانیہ کو لکھا ہے ۔ ایم کیو ایم کے دو قائدین نے مبینہ طور پر لندن کی میٹرو پولیٹن پولیس کو ہندوستانی فنڈنگ کی جانکاری دی ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بعد تحقیقات بی بی سی کی رپورٹ اگر درست ثابت ہوئی تو پاکستان کو ہندوستان کے خلاف ٹھوس ثبوت مل جائے گا اور وہ دنیا کو اس کی جانکاری دینے کا منصوبہ رکھتا ہے ۔ اسی دوران پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف نے آج اس مسئلہ پر وزیر اعظم نواز شریف سے تبادلہ خیال کیا۔ ڈان آن لائن کے بموجب دونوں نے داخلی سلامتی کے امور اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ پر بھی بات چیت کی ۔ ڈان کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان میں دہشت گردی کو ہندوستان کی مبینہ فنڈنگ کا معاملہ بھی زیر بحث آیا ۔ ایم کیو ایم قائد طارق میر نے لندن پولیس کو بتایا تھا کہ الطاف حسین کو ایم کیو ایم کی سرگرمیوں کے لئے ہندوستان کی مبینہ فنڈنگ کی جانکاری ہے ۔

Pakistan to take issue of Indian interference to UN

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں