وزیراعظم مودی کا آج دورہ وارانسی - ترقیاتی کاموں کے پراجکٹس کا افتتاح متوقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-16

وزیراعظم مودی کا آج دورہ وارانسی - ترقیاتی کاموں کے پراجکٹس کا افتتاح متوقع

وارانسی
یو این آئی
وزیراعظم نریندر مودی 16جولائی کو اپنے پارلیمانی حلقہ انتخاب، وارانسی میں ملک کے سب سے بڑے ٹراما سنٹر کا افتتاح کرنے کے ساتھ ساتھ24گھنٹے بجلی سپ لائی ، بہترین سٹرک راستوں سے وابستہ اربوں روپے کے ترقیاتی پراجکتوں کا آغاز اور سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک بڑی عوامی ریالی سے خطاب بھی کریں گے ۔ اتر پردیش کے اس شہر میں وزیر اعظم کا استقبال کرنے کے لئے گورنر رام نائک اور چیف منسٹر اکھلیش یادو بھی کل خصوصی طیارے سے یہاں پہنچیں گے ۔ نائک اور اکھلیش یادو کے علاوہ وارانسی کے میئر رام گوپال موہلے بابت پور میں واقع لال بہادر شاستری انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر وزیر اعظم مودی کا خیر مقدم کریں گے ۔ اس سے قبل مودی کا 28جون کو وارانسی آنے والے تھے لیکن مسلسل بارش کے سبب تمام مقامات پر پانی بھر جانے سے ان کا پروگرام عین وقت پر ملتوی کرنا پڑا تھا ۔ اس مرتبہ بارش کے امکان کے پیش نظر ڈیزل ریل انجن کا رخانہ میدان پر تقریب کے اہم مقام پر نہایت جدید تکنیک کی مدد سے واٹر پروف پنڈال اور پانی نکلنے کے انتظامات کئے گئے ہیں جس سے تیز بارش اور آندھی طوفان کی صورت میں بھی مودی کے پروگرام میں خلل نہ پڑے ۔ بہر حال گزشتہ چار دنوں سے یہاں بارش نہیں ہورہی ہے جس سے مودی کے ہزاروں حامیوں اور بی جے پی کارکنوں میں ان کے پروگرام میں شامل کئے لئے خاصا جوش ہے اور وہ یہاں آنے کی تیاری کررہے ہیں ۔ وزیر اعظم کے یک روزہ دورہ کے سبب انتظامیہ بھی خاصی چوکس ہے ۔ اتر پردیش کے چیف سکریٹری آلوک رنجن اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس جگموہن یادو نے کل لکھنو سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ وارانسی میں حکام سے بات چیت کی ۔ ریاست کے دونوں اعلیٰ حکام نے ڈویزن اور ضلع کے متعلقہ حکام سے وزیر اعظم کے پروگرام کے بندوبست کے بارے میں معلوم کیا اور نہایت چست درست انتظامات کے لئے چند ضروری ہدایات بھی دیں ۔ وارانسی کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ پرانجل یادو نے آج یہاں بتایا کہ وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کل کاشی ہندو یونیورسٹی(بی ایچ یو) میں ٹراما سنٹر کا افتتاح کرنے کے بعد ڈیزل ریل کارخانہ میدان جائیں گے جہاں ترقیاتی پراجکٹوںکاافتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک ریلی سے خطاب کریں گے ۔ بی جے پی کے کاشی کے صدر اور قانون ساز کونسل کے رکن لکشمن آچاریہ نے وزیر اعظم کی عوامی ریالی کو، وکاس سبھا ، قرار دیتے ہوئے اسے ایک وکاس اتسو کی طرح منانے کی پارٹی کارکنوں سے اپیل کی ہے ۔ بی جے پی لیڈروں کا اندازہ ہے کہ مودی کی ریالی میں25ہزار سے زائد افراد شرکت کرسکتے ہیں۔ ضلع کے اپرڈسٹرکٹ مجسٹریٹ(پروٹوکول) اوم پرکاش چوبے نے بتایا کہ وزیر اعظم خصوصی طیارے سے دوپہر تقریبا3بجے بابت پو ر ہوائی اڈے پہنچیں گے اور اسی دن شام کو5سے6بجے تک مختلف پروگراموں میں شرکت کے بعد7:45بجے خصوصی طیارے سے دلی واپس چلے جائیں گے ۔

PM Modi To Visit Varanasi Today, To Launch A Slew Of Development Projects

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں