دینی مدارس پر کوئی مضمون مسلط نہیں کیا جا سکتا - میرٹھ میں اسد الدین اویسی کا بیان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-08

دینی مدارس پر کوئی مضمون مسلط نہیں کیا جا سکتا - میرٹھ میں اسد الدین اویسی کا بیان

میرٹھ
پی ٹی آئی
صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین بیرسٹر اسد الدین اویسی نے دینی مدارس سے متعلق حکومت مہاراشٹرا کے فیصلہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مسلم مذہبی مدارس پر کوئی بھی مضمون مسلط نہیں کیا جاسکتا ۔ اتر پردیش کے شہر میرٹھ میں حاپورروڈ پر پارٹی کارکنوں کی جانب سے منعقدہ دعوت افطار کے موقع پر بیرسٹر اسد الدین اویسی نے یہ بات کہی ۔ ان سے حکومت مہاراشٹرا کے ایک حالیہ فیصلہ کے بارے میں پوچھا گیا جس میں انگریزی،ر یاضی اور سائنس جیسے مضامین کی تدریس فراہم نہ کرنے والے مدارس کی مسلمہ حیثیت ختم کردینے کی بات کہی گئی ہے۔ مدارس کے بارے میں حکومت مہاراشٹراکے اس فیصلہ سے ایک تنازعہ کھڑا ہوا ہے حکومت نے4جولائی کے اس فیصلہ میں کہا کہ جو مدارس اصل دھارے کے مضامین نہیں پڑھائیں گے وہ اسکول نہیں کہلائیں گے ۔ صدر مجلس نے کہا کہ ملک میں مسلمانوں کی آبادی، ہندووؤں کے برابر ہونے کے لئے250سال لگ جائیں گے۔ بیرسٹر اویسی نے بی جے پی اور سماج وادی پارٹی کو ایک ہی سکے کے دو رخ قرار دیتے ہوئے دعوی کیا کہ ان کی اوچھی سیاست کی وجہ سے ملک میں فرقہ ورانہ تشدد کے واقعات رونما ہوتے ہیں ۔ انہوں نے اتر پردیش میں2017ء کے اسمبلی انتخابات میں اپنی پارٹی کے حصہ لینے کے ارادہ کا بھی اعادہ کیا۔ اس دوران بیرسٹر اویسی نے آگرہ میں دعوت افطار میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے آر ایس ایس کی جانب سے افطار پارٹی کے اہتمام پر تنقید کی اور کہا کہ مذہب سے متعلق امور پر سیاست نہیں کرنی چاہئے ۔ بیرسٹر اویسی نے کہا کہ آر ایس ایس حساس مسائل پر سیاست کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔

No subject can be imposed on madrasas: Asaduddin Owaisi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں