لیبر اصلاحات کے لئے اتفاق رائے لازمی - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-21

لیبر اصلاحات کے لئے اتفاق رائے لازمی - وزیراعظم مودی

نئی دہلی
یو این آئی
لیبر اصلاحات کے بارے میں وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ اصلاحات اتفاق رائے سے کی جانی چاہئے اور سوشل سیکوریٹی کا دائرہ بڑھایاجانا چاہئے ۔ مودی نے کہا کہ مزدور ملک کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اس لئے ان کے مفادات اور خیالات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ملک میں روزگار کے مواقع بڑھانے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لیبر اصلاحات سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور لوگوں کو روزگار ملے گا۔ ملک میں کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لئے لیبر اصلاحات ضروری ہیں ۔ لیکن یہ اتفاق رائے سے کی جانی چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں بہت زیادہ قوانین ہیں جنہیں آسان بنانے کے لئے حکومت نے ایک کمیٹی بنائی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ غریب سے غریب شخص کو انصاف دلائے ۔ اس کے لئے قوانین کو آسان بنانا ضروری ہے ۔ وزیر اعظم نے مزدور طبقہ اور ان کے خاندانوں میں ہنر مندی کے فروغ کی پرزور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان چھوٹے ممالک جیسے جاپان اور جرمنی کے مقابلے میں بھی ہنر مندی میں تعداد کے معاملہ میں پیچھے ہے۔ وزیر اعظم نے چین۔ جاپان اور جرمنی جیسے ممالک سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ کو یہ بناتے ہوئے افسوس ہوتا ہے کہ ایک ارب سے زیادہ کی آبادی والے ایک ملک میں زیر تربیت افراد کی تعداد انتہائی کم یعنی30لاکھ ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی وگیان بھون میں46ویں انڈین لیبر کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مسٹر مودی نے نیشنل کیرئیر سروس پورٹل کا افتتاح کیا اور ملازم ریاستی انشورنس کارپوریشن کے صحت کے نظام میں بہتری کا آغاز کیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایک ہی قانون میں حکومت ، صنعت کاروں اور کارکنوں تینوں کے لئے ان کے دلائل کے مطابق راستے موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قانون ایسے ہونے چاہئے جن کی ایک سمت واضح ہو اور وہ اتفاق رائے کی بنیاد پر بنائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ لیبر قوانین میں بہتری سب کے اتفاق اور سب کے خدشات کے مطابق کی جائے گی۔ نریندر مودی نے کہا کہ ہمیں کارکنوں ، صنعتوں اور ملک کے مفادات کو ترجیح دینی ہوگی ۔ صنعت اور مزدور کے درمیان رشتوں پر اپنے خیالات کا اشتراک کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مزدور اور مالک کے درمیان خاندانی جذبے پیدا کرنے کی ضرورت ہے ، تبھی سب کا فلاح ہوگا ۔ منظم اور غیر منظم شعبے کے مزدوروں کی معیار زندگی کو بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ سوشل سیکوریٹی کا دائرہ بڑھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیر میں مزدوروں کی اہم شراکت ہے اور معاشرے میں ہر قسم کے لیبر کو مناسب احترام دیاجاناچاہئے ۔ مسٹر مودی نے صنعت کاروں سے کہا کہ ایپرینٹس شپ کے لئے دروازے کھولنے چاہئے اور انہیں کم سے کم 20لاکھ افراد کو اس نظام سے روزگا ر دینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ میں صنعتکاروں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپیرینٹس شپ کے لئے دروازہ کھولیں ۔ منافع کم ہوتا ہے تو ہو، لیکن انہیں سوچنا ہوگا کہ معاشرے کے لئے ان کی ذمہ داری ہے ۔ اس سے پہلے وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہا کہ معیشت کو رفتار دینے کے لئے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ اور اس کے لئے لیبر اصلاحات کی ضرورت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کے بڑھنے کا مطلب صرف اقتصادی ترقی کی شرح میں اضافہ ہی نہیں بلکہ عام لوگوں کو زندگی کی سطح میں بھی بہتری ہونا ہے ۔ مودی نے کہا کہ فلاحی اسکیموں کے نفاذ کے وقت صنعت اور صنعت کار ، ملک اور حکومت ، مزدور اور مزدور یونین کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی کوشش کرنی ہوگی۔

Need labour reforms with consensus: PM Narendra Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں