بیرون ملک عہدیداروں کے لئے ہدایات کا نیا سرکیولر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-03

بیرون ملک عہدیداروں کے لئے ہدایات کا نیا سرکیولر

نئی دہلی
یو این آئی
ملازمین کے ساتھ بد سلوکی میں ایک اور سفارتکار کے ملوث پائے جانے کے تازہ واقعہ سے پریشان وزارت خارجی امور نے فوری حرکت میں آتے ہوئے ایک نیا سرکیولر جاری کیا ہے جس میں بیرون ملک تعینات عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ گھریلو کام کاج کے لئے ملازمت کے شرائط اور ضوابط کی مکمل تفصیلات حکومت کو فراہم کی جائیں ۔ وزارت خارجہ کے ذرائع نے بتایا کہ تازہ ہدایات کے مطابق سفارتکاروں کو گھریلو کام کاج کے لئے ادائیگی اور ملازمت کے شرائط سے متعلق تفصیلات کی ایک نقل وزارت کو پیش کرنی ہوگی۔ قبل ازیں گھریلو کام کاج کے لئے ملازمت آجر اور ملازم کے درمیان کا نجی معاملہ سمجھا جاتا تھا ۔ تاہم دیویانی کھوبرا گاڈے واقعہ کے بعداور اب نیوزی لینڈ میں ہندوستانی ہائی کمشنر روی تھاپر کی اہلیہ کی جانب سے ملازمین کو زدوکوب کئے جانے کی تازہ شکایت کے بعد وزارتنے اس سلسلہ میں نیا سرکیولر جاری کیا ہے ۔ اس واقعہ کے بعد تھاپر کو واپس طلب کرلیا گیا ۔ وزارت خارجہ نے گزشتہ ہفتہ کہا تھا کہ نیوزی لینڈ ہائی کمشنر کے اس واقعہ کو اس نے نہایت سنجیدگی سے لیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ نئے سر کیولر کے ذریعہ عہدیداروں کو گھریلو ملازمین کے تئیں ان کی ذمہ داریوں سے واقفیت کو یقینی بنایاجائے گا۔ اس کے علاوہ گھریلو ملازمت کے قواعد و ضوابط کے بارے میں تحریری معاہدہ ہونے کی صورت میں ان کے مفادات کا تحفظ ممکن ہوگا اور کسی بھی جھوٹے دعوی کی صورت میں اس تحریر سے مدد ملے گی ۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق تقریبا 43عہدیدار ملازمین کے ساتھ بد سلوکی کے سلسلہ میں تحقیقات کے دائرہ میں ہیں ۔ اس سلسلہ میں پوچھے گئے سوال پر وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے کہا کہ یہ بالکل بے بنیاد اطلاعات ہیں۔ صرف27معاملات ہیں جن میں شکایتیں درج کروائی گئی ہیں اور ان میں سے بیشتر الزامات کا سامنا کرنے والے سفارتی رتبہ نہیں رکھتے ۔ اس کے علاوہ بیشتر معاملات بالکل معمولی نوعیت کے ہیں جن کی کوئی بنیاد نہیں ہے ۔ سوروپ نے کہا کہ کئی معاملات اطمینان بخش انداز میں حل کرلئے گئے ہیں کیونکہ الزامات معمولی تھے ۔ ذرائع کے مطابق شمالی امریکہ اور یوروپ میں گھریلو کام کاج کے ملازمین سے متعلق زیادہ مسائل سامنے آئے ہیں ۔ کیونکہ ان معاملات میں گھریلو ملازمین کے حق میں زیادہ سخت قوانین پائے جاتے ہیں جس کا بعض مرتبہ ملازمین کی جانب سے استحصال بھی کیاجاتا ہے ۔

MEA swings into action, issues new circular to diplomats on domestic help

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں