پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں - وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-03

پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں - وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ

سری نگر
پی ٹی آئی
حکومت نے آج کہا ہے کہ وہ سنجیدگی کے ساتھ اپنے تمام پڑوسیوں بشمول پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی خواہاں ہے لیکن اسلام آباد کو بھی اسی طرز پر سوچنا چاہئے ۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے جنوبی کشمیر کے ہمالیائی چوٹی پر امر ناتھ غار کے درشن کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمارا موقف وزیر اعظم کی حلف برداری کے دن ہی واضح کردیاتھا کہ ہم پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ اگر ایسا نہیں ہوتا تو ہمارے وزیر اعظم پاکستان کے وزیر اعظم کو حلف برداری تقریب میں مدعو نہیں کرتے ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے ۔ میں، میرے دل کی گہرائیوں سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان ہمارا پڑوسی ملک ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ نہ صرف پاکستان بلکہ تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم ہوں ۔ سابق وزیرا عظم اٹل بہاری واجپائی نے بارہا کہا ہے کہ ہم دوست بدل سکتے ہیں لیکن پڑوسی نہیں بدل سکتے ۔ ہماری کوششوں میں کوئی کمی نہیں ہوئی ہے تاہم پاکستان کو بھی اسی طرح سوچنا چاہئے ۔ راج ناتھ سنگھ نے حریت کانفرنس کے ساتھ کسی بھی طرح کی بات چیت کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں امن و امان کی بحالی کے لئے مرکزی حکومت ہر ایک سے مدد طلب کرتی ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ آرمڈ فورسز اسپیشل پاورس ایکٹ (افسپا) کی واپسی کا دارومدار جموں و کشمیر کی مجموعی سیکوریٹی صورتحال پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند پاکستان کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس کے ساتھ کسی بھی طرح کی بات چیت حکومت کے زیر غور نہیں ہے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں مکمل امن و امان کی بحالی کے لئے حکومت کسی کا بھی تعاون اور کسی سے بھی مدد حاصل کرنے کے لئے تیار ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ لوگوں کو وادی کشمیر میں ملک مخالف سر گرمیوں کی مخالفت کرنی چاہئے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاست سے افسپا کی واپسی کی کوئی بھی تجویز حکومت کے زی غور نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں دعا کرتا ہوں کہ حالات بہتر ہوں تاکہ جموں و کشمیر میں اس قانون کی ضرورت ہی نہ پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے حالات میں بہتری آنے کے بعد ہی افسپا کی واپسی پر کوئی فیصلہ لیاجائے گا۔

India wants cordial ties with Pakistan but Islamabad must 'change its approach': Rajnath Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں