یوم شہداء تقریب میں مفتی سعید کی شرکت - بی جے پی کا گریز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-14

یوم شہداء تقریب میں مفتی سعید کی شرکت - بی جے پی کا گریز

سری نگر
پی ٹی آئی
چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید نے آج یہاں یوم شہداء تقریب میں شرکت کی ، جب کہ ریاست میں اس کی مخلوط حکومت کی شراکت دار بی جے پی نے اپنے آپ کو اس سے دور رکھا ۔ سرکاری تقریب نقشبند صاحب قبرستان میں منعقد کی گئی جہاں چیف منسٹر نے خود تقریب کی صدارت کی تاہم بی جے پی وزراء نے تقریب میں شرکت نہیں کی جس سے بی جے پی ۔ پی ڈی پی مخلوط حکومت کے رشتوں میں تلخی نمایاں ہوتی ہے ۔ بی جے پی کے ایک ترجمان نے کہا کہ اگرچہ کہ وزراء پارٹی صدر امیت شاہ سے ملاقات کے لئے دہلی میں تھے ، تاہم شہیدوں کے قبرستان میں منعقدہ تقریب ان کی پارٹی کے لئے کسی اہمیت کی حامل نہیں ۔ بی جے پی کے ترجمان برائے کشمیر خالد جہانگیر نے بتایا کہ بحیثیت جماعت 1931کے شہید ہمارے لئے کوئی معنی نہیں رکھتے ۔ اگر وہ ہمارے قائدین جیسے شاما پرساد مکرجی کا احترام نہ کریں تو ہم کیوں جوابی خیر سگالی کا مظاہرہ کریں۔ یہ تقریب شہیدوں کو اعزاز پیش کرنے کے لئے منعقد کی گئی تھی۔ انہوں نے1931میں ڈوگرادور اقتدار میں لڑتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کردی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی ایسے مسائل پر جذباتی سیاست کرنا نہیں چاہتی ۔ ہم ان مسائل کو جتنا کم اٹھائیں گے ریاست کے لئے اتنا ہی بہتر ہوگا ۔ ریاست کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ ہر سال منعقد ہونے والی اس سرکاری تقریب میں کسی حکمراں جماعت یا مخلوط شراکت دار کی نمائندگی نہ کی گئی ہو ۔ کانگریس جو پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کے ساتھ بارہ سال تک اقتدار میں رہی، اس تقریب میں ہر سال اس کے وزراء پارٹی کی نمائندگی کرتے تھے۔ جاریہ سال جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر اور دیگر کئی قائدین نے بھی شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ مفتی محمد سعید نے قازقستان میں خطاب کرتے ہوئے حاضرین سے کہا کہ اگر وہ دستور ہند میں ریاست کے خصوصی موقف کو ختم کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانا چاہتے ہیں تو اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ جموں و کشمیر کی منفرد شناخت اور دستور ہند میں ہمارے خصوصی موقف کا تحفظ کرنا چاہتے ہیں تو اپنے ووٹ کا استعمال کریں کیونکہ کہاجاتا ہے کہ ہیرا ہی ہیرے کو کاٹتا ہے ۔ وزیر اعظم نریندرمودی اور ان کے پاکستانی ہم منصب نواز شریف کی روس میں حالیہ ملاقات کا خیر مقدم کرتے ہوئے سعید نے کہا کہ ہند پاک کے مابین بامعنی اورمستقل بات چیت سے ہی اس علاقہ میں امن قائم ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہند۔ پاک دونوں کو ایک دوسرے سے بات چیت کرتے ہوئے اپنے آپسی اختلافات کی یکسوئی کرنی چاہئے تاکہ اس خطہ میں پائیدار امن قائم ہوسکے ۔
حکام نے آج کرفیو جیسی پابندیاں عائد کردیں اور کئی علیحدگی پسند قائدین بشمول حریت کانفرنس کے دونوں گروپس کے صدور نشین کو خانہ نظر بند کردیا تاکہ انہیں آج یوم شہداء کے موقع پر منعقدہ ریالی میں شرکت کرنے سے روکا جاسکے ۔ سینئر علیحدگی پسند قائدین بشمول سخت گیر حریت کانفرنس کے صدر نشین سید علی شاہ گیلانی ، اعتدال پسند حریت کانفرنس کے صدر نشین میر واعظ عمر فاروق، جے کے ایل ایف کے صدر نشین یسین ملک اور ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے صدر شبیر احمد شاہ کو خانہ نظر بند کردیا گیا، جب کہ کئی قائدین کو احتیاطی طور پر حراست میں لے لیا گیا ۔ علیحدگی پسندوں نے تاریخی جامع مسجد سے نقشبند صاحب قبرستان تک مشترکہ ریالی نکالنے کا منصوبہ بنایا تھا تاکہ شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرسکیں ۔ حکام نے سری نگر کے اندرونی علاقوں میں اور سیول لائنس کے چند پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں بھی کرفیو جیسی تحدیدات نافذ کردیں تاکہ اس ریالی کو ناکام بنایاجاسکے ۔

J&K: CM Mufti Sayeed attends Martyrs' Day function, BJP keeps away

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں