نیو کلیر سمجھوتہ کے لئے ایران کو مشکل متبادل اختیار کرنا ہوگا - جان کیری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-07

نیو کلیر سمجھوتہ کے لئے ایران کو مشکل متبادل اختیار کرنا ہوگا - جان کیری

لندن
یو این آئی
امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے ایران اور دنیا کی چھ عالمی طاقتوں کے درمیان نیو کلیر مذاکرات کے موجودہ مرحلے کو 7جولائی کے معینہ وقت کے اندر اندر ختم ہونے پر اپنا اعتماد ظاہر کیا ہے۔ کیری نے اتوار کو ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف سے ملاقات کرنے کے بعد ویانا میں کہا کہ یہ ہمارا ہدف ہے ۔ مذاکرات میں شامل دونوں فریق معینہ مدت کے اندر اسے پورا کرنا چاہتے ہیں ۔ اب یہ جاننے کا وقت آگیا ہے کہ ہم اس معاہدے کو کرپائیں گے یا نہیں ۔ ایران کے ساتھ معاہدہ کی ڈیڈ لائن کل یعنی7جولائی کو ہے۔ کیری نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں بات چیت میں تیزی آئی ہے لیکن پھر بھی کچھ مسائل میں ہمیں جتنا آگے بڑھنے چاہئے تھا، ہم وہاں نہیں پہنچ پائے ہیں اور بعض مسائل پر اختلافات ہنوز برقرار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حتمی معاہدہ پر پہنچنے کے لئے ایران کو مشکل متبادلات اختیار کرنے ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایران کے وزیر خارجہ کے اس بیان سے متفق ہیں کہ مذاکرات میں شامل دونوں فریق کبھی بھی سمجھوتہ ہونے کے اتنے قریب نہیں پہنچے اور یہ بات چیت کبھی بھی کوئی بھی رخ لے سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اچھا معاہدہ چاہتے ہیں ۔ صرف اچھا معاہدہ ۔ ہم صرف سمجھوتہ کرنے کے لئے مسائل سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ ایران اور دنیا کی چھ عالمی طاقتیں کے درمیان معاہدے کے لئے جاری بات چیت کی ڈیڈ لائن اس سے پہلے30جون تھی لیکن بعد میں دونوں فریقی اسے بڑھا کر7جولائی کرنے پر راضی ہوئے ۔ دونوں فریق گزشتہ18ماہ سے ایران کی متنازعہ جوہری سر گرمیوں پر سمجھوتہ کرنے کے لئے بات چیت کررہی ہیں۔ اگر یہ معاہدہ ہوجاتا ہے تو ایران اس کی جوہری سرگرمیوں میں کمی لائے گا اور اس کے بدلے میں اس پر لگی کچھ پابندیاں ہٹالی جائیں گی۔

Kerry Says Difficult Issues Still to Be Resolved for an Iran Deal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں