پی ڈی پی ۔ بی جے پی حکومت ریاست کو تقسیم کر رہی ہے - فاروق عبداللہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-21

پی ڈی پی ۔ بی جے پی حکومت ریاست کو تقسیم کر رہی ہے - فاروق عبداللہ

سری نگر
یو این آئی
جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے الزام لگایا ہے کہ مفتی محمد سعید کی قیادت والی مخلوط سرکار ریاست جموں و کشمیر کو تقسیم کرنے کی سازشوں میں مصروف عمل ہے ۔ انہوں نے ریاستی عوام سے پی ڈی پی بی جے پی اتحاد کے مبینہ مذموم ارادوں اور منصوبوں کو خاک میں ملانے کے لئے متحدہونے کی اپیل کی ہے ۔ ڈاکٹر عبداللہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے پارٹی عہدیدارون، کارکنان اور معزز شہروں سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس ریاست کی وحدت، انفرادیت ، مفادات ، سالمیت، پہچان اور کشمیریت کی عظیم علامت رہی ہے اور اسی جماعت کو ایک تحریک اور تاریخ کا طرہ امتیاز بھی حاصل رہا ہے ۔ انہوں نے اس موقعے پر نوجوانوں سے تاکید کی کہ وہ اپنی تاریخ کشمیر کا مطالعہ کریں اور جان لیں کہ شہدائے وطن اور شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کی اس جماعت نے وطن عزیز کشمیر اور یہاں کے عوام کی سربلندی ، عزت و آبرو کے لئے کتنی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا جب تک ہل والا جھنڈا ریاست کے سکریٹریٹ پر لہراتا رہے گا تب تک کشمیریت زندہ رہے گی کیونکہ ہماری شناخت اور پہچان ہل والا جھنڈا ہی ہے اور تنظیم نیشنل کانفرنس ہے جس کے تحت ریاست کے لوگوں کو جمہوری اور آئینی حقوق، جمہوری اداری، ووٹ پرچی کا حق ، پریس پلیٹ فارم کی آزادی نصیب ہوئی اور شخصی راج کی بد ترین غلامی سے نجات ملی اور ظلم و ستم کا خاتمہ ہوا۔

BJP-PDP govt in J&K is dividing people: Farooq Abdullah

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں