دہلی پولیس بے لگام - کجریوال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-21

دہلی پولیس بے لگام - کجریوال

نئی دہلی
پی ٹی آئی
دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج ایک غیر معمولی اپیل میں عوام سے کہا ہے کہ وہ خواتین پر تشدد کے خاطیوں کے خلاف کاروائی کریں اور خاموش تماشائی بن کر نہ رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی پولیس اپنے بے لگام اختیارات کی وجہ سے بالکل غیر جوابدہ ہوچکی ہے ۔ پولیس کمشنر بی ایس بسی کے ساتھ اپنی میٹنگ کے چند گھنٹے بعد سو شیل میڈیا پر جاری دو آڈیو پیامات میں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ وہ دارالحکومت کی بگڑتی ہوئی نظم و قانون کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہفتہ میں کم از کم ایک گھنٹہ دیں ۔ کجریوال نے گزشتہ ہفتہ آنند پروت علاقہ میں ایک19سالہ لڑکی کے قتل کا حوالہ دیا اور شہر میں خواتین کی سلامتی کو یقینی بنانے میں ناکامی پر دہلی پولیس پر برہمی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں اتفاق کرتا ہوں کہ اگر کوئی کسی لڑکی کو چاقو بھونک رہا ہے تو خوف محسوس ہوتا ہے لیکن اگر مجھ پر حملہ ہوا تو کیا۔ اگر آپ کی بہن یا بیٹی اس لڑکی کی جگہ ہوتی تو کیا ؟ اگلی بار اگر کچھ غلط ہوتو آپ اس کی جگہ اپنی بہن یا ماں کو رکھ کر دیکھئے ۔ خاموش تماشائی بن کر نہ رہیں۔ آپ کو کاروائی کرنے کے لئے اندر سے طاقت ملے گی۔ بھگوان آپ کی مدد کرے گا ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ عزم کریں کہ وہ خواتین کے خلاف جرائم پر خاموش تماشائی بن کر نہیں بیٹھیں۔ کجریوال نے کہا کہ نظم و قانون پوری طرح سے ٹھپ ہوچکا ہے اور خواتین دن بہ دن غیر محفوظ محسوس کررہی ہیں۔ کجریوال اور بسی کے درمیان ملاقات کے بعد عام آدمی پارٹی حکومت اور پولیس کے درمیان اختلافات اور گہرے ہوگئے ہیں۔ دہلی کے وزیر داخلہ ستیندر جین نے کئی موضوعات پر پولیس فورس پر تنقید کی ہے۔ کجریوال نے کہا کہ آئیے عہد کریں کہ اگلی مرتبہ جب ہم ایسی کوئی بات دیکھیں تو ہم خاموش تماشائی بن کر نہیں بیٹھیں گے اور جرم کو روکنے کی کوشش کریں گے اگلی بار آپ اپنی آواز اٹھائیں۔ آپ دیکھیں گے کہ لوگ آپ کی مد د کو آئیں گے ۔ ہم سب کوشش کریں تب ہی دہلی محفوظ بنے گی ۔ دہلی پولیس کو شہر کی حکومت کے تحت کرنے کے مطالبے کو دہراتے ہوئے انہوں نے نظم و قانون کی صورتحال بہتر بنانے میں مودی کی مداخلت طلب کی ۔ انہوں نے کہا کہ میں ہاتھ جوڑ کر وزیر اعظم سے اپیل کرتا ہوں کہ سر! آپ جانتے ہیں کہ دہلی کی حکومت کا دہلی پولیس پر کوئی کنٹرول نہیں ہے ۔ قانوناً دہلی پولیس راست آپ کے تحت آتی ہے۔ آپ اس کے لئے وقت نہیں دے پارہے ہیں ۔ آپ وزیر اعظم ہیں ۔ آپ کو پورے ملک کو چلانا ہے ۔ اسی لئے دہلی پولیس نرانکوش(بالکل غیر جوابدہ) ہوگئی ہے ۔ پولیس کے پاس بے لگام طاقت ہے اور کسی کا اس پر قابو نہیں ہے۔ اس دوران بظاہر چیف منسٹر اروند کجریوال کے"ٹھلّا" ریمارکس پر طنز کرتے ہوئے ایک سینئر پولیس عہدیدار نے سوشیل میڈیا پر عوام کی فلاح و بہبود کے بارے میں پولیس کے رول پر اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔

CM Kejriwal targets Delhi police

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں