مسجد نبوی کی توسیع سے اسلام اور اس کے پیروکاروں کو فائدہ ہوگا - شاہ سلمان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-04

مسجد نبوی کی توسیع سے اسلام اور اس کے پیروکاروں کو فائدہ ہوگا - شاہ سلمان

مدینہ منورہ
اردو نیوز (سعودی عرب)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے واضح کیا ہے کہ مسجد نبوی شریف کی توسیع کے منصوبوں سے اسلام اور اس کے پیروکاروں کو فائدہ ہوگا ۔ دنیا کے گوشے گوشے سے آنے والے زائرین اور مدینہ منورہ کے باشندے ان منصوبوں سے فیضیاب ہوں گے۔ شاہ سلمان نے ان تاثرات کا اظہار مدینہ منورہ میں اپنی رہائش پر مسجد نبوی شریف کی توسیع اور اطراف کے علاقے کے منصوبوں کی بریفنگ کے موقع پر کیا۔ معاون وزیر خزانہ محمد بن حمود المزید نے عظیم الشان منصوبوں کا جامع تعارف پیش کیا ۔ شاہ سلمان نے توسیع منصوبوں کے ماڈلز بھی دیکھے علاوہ ازیں مسجد نبوی کو قبا سے جوڑنے والے راستے(درب السنہ) مسجد قبا کی توسیع اور دارالھجرہ منصوبے کے ماڈلز بھی خادم حرمین شریفین کی خدمت میں پیش کئے گئے ۔ دارالہجرہ منصوبے کے تحت100رہائشی و تجارتی ٹاور تعمیر ہوں گے جن میں ایک لاکھ بیس ہزار افراد قیام کرسکیں گے۔ شاہ سلمان نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو مدینہ منورہ میں امیر نایف عالمی سنہ ایوارڈ اور حفظ حدیث کے امیر نایف مسابقے کی تقریب کی بھی سرپرستی کی جس کا اہتمام مدینہ منورہ میں ایوارڈ جنرل سکریٹریٹ کی جانب سے کیا گیا تھا ۔ سنہ ایوارڈ شیخ عبدالمحسن البدر کو دیا گیا جب کہ السنہ نبویہ اور اسلامی مطالعات کا ایوارڈ مصر کے ابوالقاسم محمد ابو شامہ، مراکش کے ڈاکٹر احمد فکیر، ڈاکٹر مبارک ، لمین بن الحسن، فلسطین کے ڈاکٹر زیادالمشوخی اور اردن کے ڈاکٹر عدنان مصطفی خطاطبہ کو دیا گیا ۔ حفظ حدیث کے انعامات،3,3درجوں میں ط لبہ اور طالبات کو دئیے گئے ۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مسجد قبا کی زیارت کر کے دو رکعت ادا کیں ان کے ہمراہ شاہی کاندان کے افراد اور اعلیٰ عہدیدار بھی تھے ۔ دوسری جانب خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مصر میں دہشتگردانہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ۔ انہوں نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے نام اپنے پیغام میں واضح کیا کہ صحرائے سینا میں تفتیشی چوکیوں پر حملے مجرمانہ دہشت گردی ہیں یہ حملے بھیانک نوعیت کے جرم ہیں کیونکہ یہ سراسر ظلم و جارحیت، فساد فی الارض، بے قصور انسانوں کی حرمتوں کی پامالی ، امن و استحکام کی بربادی اور امن پسندوں کے خلاف جان لیوا کارروائی کے دائرے میں آتے ہیں ۔ شاہ سلمان نے مصری صدر کو اطمینان دلایا کہ سعودی عرب امن و امان کو تہہ و بالا کرنے کے خلاف مصری قیادت کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے سعودی عرب ، سعودی حکومت اور اپنی جانب سے مصری صدر جاں بحق ہونے والوں کے خاندان، مصری عوام سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کے لئے جلد از جلد شفایاب ہونے کی دعا کی ۔ اسی مضمون کا پیغام ولیعہد نائب وزیر اعظم ووزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نایف نے بھی مصری صدر کے نام بھیجا۔ انہوں نے دہشت گردانہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مصر کو ہر آفت اور ہر بلا سے اپنی حفاظت میں رکھے ۔ صحرائے سینا میں حملوں کی مذمت بحرین اور لیبیا کی حکومتوں نے بھی کی ہے ۔

Expansion of Masjid-e-nabawi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں