نوٹ برائے ووٹ کیس - تلگو دیشم رکن اسمبلی ویریا 14 دن کے لئے عدالتی تحویل میں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-08

نوٹ برائے ووٹ کیس - تلگو دیشم رکن اسمبلی ویریا 14 دن کے لئے عدالتی تحویل میں

حیدرآباد
اعتماد نیوز
اینٹی کرپشن بیورو کی عدالت نے تلگو دیشم کے رکن اسمبلی ایس وینکٹ ویریا کو14دن کے لئے عدالتی تحویل میں دیدیا اور انہیںسخت ترین سیکوریٹی میں چرلہ پلی جیل منتقل کردیا گیا ۔ تلگو دیشم کے رکن اسمبلی کی گرفتاری کے خلاف ضلع کھمم میں تلگو دیشم کارکنوں نے احتجاج کیا۔ ان کے حلقہ انتخاب ستو پلی اور ورنگل کے جنگاؤں میں تلگو دیشم کے کارکنوں نے راستہ روکو پروگرام منظم کیا۔ ضلع کھمم کے ستوپلی اسمبلی حلقہ سے تلگو دیشم کی نمائندگی کرنیو الے ویریا کو نوٹ برائے ووٹ معاملہ میں اے سی بی نے گزشتہ روز7گھنٹے تک پوچھ تاچھ کے بعد رات میں گرفتار کرلیا اور گرفتاری کی اطلاع رکن اسمبلی کے خاندان کو دی تھی۔ آج صبح عثمانیہ دواخانہ میں رکن اسمبلی کی طبی جانچ کروائی گئی بعد ازاں انہیں اے سی بی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اے سی بی عہدیداروں نے بیس صفتحات پر مشتمل ریمانڈ رپورٹ عدالت میں پیش کی ۔ بتایاجاتا ہے کہ ووٹ برائے ووٹ معاملہ میں ایس وینکٹ ویریا کلیدی ملزم ہیں۔ ریمانڈ رپورٹ میں اے سی بی عہدیدارون نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ رکن اسمبلی نے ریونت ریڈی کی گرفتاری سے قبل اس کیس کے ملزم نمبر2سبیسٹین کے ساتھ 32مرتبہ فون پر بات کی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ وینکٹ ویریا نے کونسل کے انتخابات میں مختلف جماعتوں کے ارکان اسمبلی سے بات چیت کرتے ہوئے تلگو دیشم امیدوار کو ووٹ دینے کی خواہش کی تھی۔ وینکٹ ویریا نے پانچ ارکان اسمبلی سے اس سلسلہ میں بات چیت کی جن میں ٹی آر ایس اور وائی ایس آر کانگریس کے ارکان شامل ہیں ۔ سمجھاجاتا ہے کہ اے سی بی کی جانب سے عنقریب ان ارکان اسمبلی کو نوٹس جاری کی جائے گی۔ اور وینکٹ ویریا کی جانب سے ان ارکان اسمبلی کو کس بات کا پیشکش کیا گیا تھا اس کی تحقیقات کی جائے گی ۔ نوٹ برائے ووٹ معاملہ میں اے سی بی عہدیدارون نے وینکٹ ویریا کو پانچویں ملزم کی حیثیت سے شامل کیا ہے جب کہ اس معاملہ میں گرفتار ہونے والے وہ چوتھے ملزم ہیں۔ قبل ازیں اس معاملہ مین ریونت ریڈی ، سبیسٹین اور اودے سنہا 30دن تک عدالتی تحویل میں تھے۔ گزشتہ ہفتہ ان تینوں کو ہائیکورٹ نے ضمانت پر رہا کردیا ۔ اے سی بی عدالت میں ایس وینکٹ ویریا کی گرفتاری کی ان کے وکیلوں نے مخالفت کی تھی اور عدالت سے خواہش کی کہ وہ انہیں عدالتی تحویل میں نہ دیں ۔ اس کے باوجود عدالت نے اے سی بی کی جانب سے پیش کردہ ریمانڈ رپورٹ کی بنیاد پر تلگو دیشم کے رکن اسمبلی کو21جولائی تک عدالتی تحویل میں دینے کے احکامات جاری کئے ۔ اسی دوران اے سی بی کے وکیل نے وینکٹ ویریا کو پانچ دن تک اے سی بی تحویل میں دینے کی درخواست کی اور عدالت کو بتایا کہ گزشتہ روز سات گھنٹے تک ان سے پوچھ تاچھ کی گئی تھی لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا ۔ اس سارے معاملہ کے وینکٹ ویریا کلیدی ملزم ہیں ۔ اس لئے انہیں اے سی بی کی تحویل میں لینا ضروری ہے ۔ جس پر عدالت نے اس درخواست کی سماعت کو چہار شنبہ تک ملتوی کردیا۔

Cash-for-vote scam: Second TDP MLA Sandra Veeraiah sent to jail

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں