ویاپم اسکام کی سی بی آئی تحقیقات کا آج فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-09

ویاپم اسکام کی سی بی آئی تحقیقات کا آج فیصلہ

جبلپور، نئی دہلی
پی ٹی آئی
ویاپم اسکام کی سی بی آئی جانچ کا حکم دینا اب سپریم کورٹ پر منحصر ہے کیونکہ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے آج ریاستی حکومت کی درخواست کی سماعت یہ کہتے ہوئے ملتوی کردی کہ سپریم کورٹ میں کل ایسی ہی درخواست کی سماعت ہونے والی ہے ۔ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے سماعت20جولائی تک ملتوی کردی۔ کانگریس کا دعوی ہے کہ ویاپم اسکام نے تا حال49جانیں لی ہیں ۔ اسی دوران چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے آج اپنے استعفیٰ کو عملاً خارج از بحث قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت، سپریم کورٹ سے بھی درخواست کرے گی کہ وہ ویاپم اسکام کی سی بی آئی جانچ کا حکم دے ۔ چوہان نے نئی دہلی میں اخباری نمائندوں سے کہا کہ کانگریس اور اپوزیشن یہ برداشت نہیں کرسکتے کہ مدھیہ پردیش میری حکومت میں ترقی کی راہ پر چلے ۔ وہ شروع سے ہی میرے استعفیٰ کا مطالبہ کررہے ہیں۔ وہ مدھیہ پردیش کو بدنام کررہے ہیں ۔ چوہان ، پارٹی قائدین سے تبادلہ خیال کے لئے دارالحکومت میں ہین۔ انہوں نے کہا کہ ویاپم اسکام کا معاملہ کل سپریم کورٹ میں زیر بحث آئے گا ۔ ہم نے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ سے خواہش کی تھی کہ جانچ سی بی آئی کے ذریعہ ہوں ۔ یہ معاملہ کل سپریم کورٹ میں زیر بحث آئے گا۔ ہم سپریم کورٹ سے بھی یہی خواہش کریں گے ۔
دریں اثنا اجین سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب پولیس نے ایم بی بی ایس کی طالبہ نمرتا دامور کی مشتبہ موت( کے کیس) پر نظر ثانی کا حکم دیا ہے ۔ مدھیہ پردیش کے بدنام زمانہ ویاپم اسکام میں نمرتاکا نام سامنے آنے کے بعد2012میں اس کی نعش ضلع اجین میں ریلوے ٹریکس کے قریب پائی گئی تھی۔ ضلع جھابوا کے میگھا نگر ٹاؤن میں ٹی وی جرنلسٹ اکشے سنگھ نے حال ہی میں نمرتا کے والد کا انٹر ویولیا تھا اور ان کی موت کے بعد اس کیس پر دوبارہ توجہ مرکوز ہوگئی ہے ۔ ضلع اجین کے سپرنٹنڈنٹ پولیس منوہر سنگھ ورما نے آج پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہم نے نمرتا دامور کی موت پر نظر ثانی کا حکم دیا ہے۔ ترانہ کے سب ڈیویژنل آف پولیس آفیسر آر کے شرما اس کیس کو دوبارہ کھولیں گے ۔ نمرتااندور کے ایم جی ایم میڈیکل کالج کی طالبہ تھی ۔ شبہ کیاجارہا ہے کہ اس نے ویاپم اسکام میں ملوث ملزمین کی مدد سے کالج میں داخلہ لیا ہوگا ۔ یادرہے کہ اس اسکام سے متعلق45افراد اب تک اپنی جان گنوا چکے ہیں ۔ چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے کل دباؤ کے آگے گھٹنے ٹیکتے ہوئے اپنے سابقہ موقف سے انحراف کیا اور پر اسرار ویاپم اسکام کی سی بی آئی جانچ کرانے سے اتفاق کرلیا ۔ سپریم کورٹ نے بھی کل ہی اس سلسلہ میں درخواستوں کی سماعت کرنے سے اتفاق کیا تھا۔ ایک پریس کانفرنس میں چوہان کے اعلان کے بعد ریاستی حکومت مدھیہ پردیش ہائی کورٹ سے رجوع ہوئی ہے اور داخلوں و تقررات کے اس بھاری اسکام کی سی بی آئی جانچ کے لئے ہدایت طلب کی ہے۔ سپریم کورٹ نے کل کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ اور دیگر تین خبردا رکرنے والوں کی عرضی کی سماعت کرنے سے اتفاق کرلیا ہے جس میں اس کیس کی عدالت عظمیٰ کی نگرانی میں سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔ اسی دوران موصولہ اطلاعات کے مطابق طالبہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کی موت جارحانہ انداز میں گلا گھونٹ دئیے جانے کی وجہ سے ہوئی تھی۔

decision of CBI to probe the vyapam scam

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں