اے پی جے عبدالکلام کا جسد خاکی سپرد لحد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-31

اے پی جے عبدالکلام کا جسد خاکی سپرد لحد

رامیشورم(ٹاملناڈو)
آئی اے این ایس
سابق صدرجمہوریہ اے پی جے عبدالکلام کے جسد خاکی کو آج یہاں وزیر اعظم نریندر مودی و دیگرکئی قائدین کی موجودگی میں پورے فوجی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ۔ صدر جمہوریہ کے جسد خاکی کو ترنگا میں لپیٹا گیا تھا اور پھولوں سے سجی ہوئی گاڑی میں تدفین کے مقام پیئی کارمبولایا گیا۔ تینوں مسلح افواج کے دستے گاڑی کے ہمراہ چل رہے تھے ۔ راستے کے دونوں طرف راکٹ اور میزائل سائنسداں کلام کی ایک جھلک دیکھنے عوام کی کثیر تعداد جمع تھی۔ کئی افراد اک زیر تعمیر عمارت اور دیگر عمارتوں پر چڑھ گئے تھے ۔ مسلح افواج کے سابق سپریم کمانڈر کو بندوقوں کی سلامی دی گئی ۔ اس موقع پر فوجی بیانڈ غمگین دھنیں بجا رہا تھا ۔ جسد کاکی کو سپرد خاک کر نے کے بعد دعا کی گئی اور قبر بھردی گئی اور اسے پھولوں کی پتیوں سے ڈھک دیا گیا ۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے یہاں سابق صدر جمہوریہ اے پی جے عبدالکلامکو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ وزارت دفاع کے ترجمان سیتانشوکرنے ٹوئٹر پر وزیر اعظم کی تصویر کے ساتھ لکھا پی ایم نریندر مودی عوامی صدراے پی جے عبدالکلام کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ۔ مودی کو کلام کے ارکان خاندان سے بات چیت کرتے بھی دیکھا گیا ۔ تدفین میں شرکت کرنے والے ممتاز قائدین میں وزیر دفاع منوہر پاریکر ، وزیر پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو گورنر کیرالا پی ستھا شیوم ، گورنر ٹاملناڈو کے روشیا چیف منسٹر کیرالا اومن چنڈی ، چیف منسٹرآندھر اپردیشاین چندرا بابو نائیدو اور چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا کانگریس کے نائب صد راہول گاندھی ، قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد شامل تھے ۔ قبل ازیں ہندوستان کے گیارہویں صدر جمہوریہ کے جسد خاکی کو نماز جنازہ کے لئے خاندانی مسجد لے جایا گیا ۔ ان کے ارکان خاندان بھی وہاں پہنچے سابق صدر جمہوریہ کے بھائی کے پوتے شیخ سلیم نے کہا کہ تجہیز و تدفین میں شرکت کے لئے ہمارے رشتہ یہاں آئے ہوئے ہیں ۔ حکومت ٹاملناڈو نے آج سرکاری تعطیل کا اعلان کیا تھا ۔ ریاست بھر میں تمام بینک اور انشورنس کمپنیاں ، اسکول اور کالجس بند رہے۔ ریاست میں حکومت نے تمام شراب کی دکانات اور بار بھی بند رکھنے کا حکم دیا تھا ۔ سونے چاندی کی تقریبا30ہزار دکانات بند رہیں جب کہ پٹرول پمپوں نے کلام کے احترام میں10 تا11بجے دن کے دوران فروختگی روک دی تھی ۔ تھیٹر مالکین نے بھی ایک دن بند منانے کا اعلان کیا جب کہ ماہی گیروں نے سمندروں میں نہ جانے کا اعلان کیا۔ ریاستی دارالحکومت چینائی میں پونڈی بازار ور ٹی نگر جیسے مصروف علاقے بند رہے۔ دیگر علاقوں میں بھی دکانات بند رکھی گئیں ۔ ڈی ایم کے اور اے آئی اے ڈی ایم کے جیسی سیاسی جماعتوں نے اپنی تقاریب منسوخ کردیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ خانگی اداروں نے بھی رضا کارانہ طور پر بند منایا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کلام حقیقی معنوں میں عوامی صدر تھے ۔

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ٹاملناڈو میں سابق صدر جمہوریہ اے پی جے عبدالکلام کے آبائی ٹاؤن، رامیشورم میں ان کی آخری رسومات کے پیش نظر آج لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں کوئی کام کاج انجام دئیے بغیر کارروائی کو دو بجے دن تک ملتوی رکھا گیا ۔ لوک سبھا اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی اسپیکر سمترا مہاجن نے تین سابق لوک سبھا ارکان ایس پانی گڑھی، آر ایس گوائی اور بی کے بندیق کے انتقال پر اظہارتعزیت کیا۔ انہوں نے گروداسپور دہشت گرد حملہ کا بھی تذکرہ کیا اور ایس پی بلجیت سنگھ اور ہوم گارڈس سکھدیو سنگھ، بودھ راج اور دیس راج کے نام لیے جو دیگر عام شہریوں کے علاوہ اس حملہ میں ہلاک ہوئے۔ تعزیتی بیانات کے بعد مہاجن نے کلام کی تجہیز و تکفین کا حوالہ دیتے ہوئے ایوان کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کردی۔ اس اقدام پر وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ حیت زدہ رہ گئے۔ ایوان کی کارروائی جب ملتوی کی گئی تو راج ناتھ سنگھ اپنی نشست سے اٹھ کر کھڑے ہوئے تھے۔ حکومت نے قبل ازیں اعلان کیا تھا کہ وزیر داخلہ گرداسپور دہشت گرد حملہ پر بیان دین گے اور اسپیکر نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ چند وضاحتوں کی اجازت دے سکتی ہیں ۔ اتفاقاکانگریس ارکان آج کالی پٹیاں باندھے ہوئے نہیں تھے تاکہ للت مودی اور ویاپم اسکام پر بے عملی میں حکومت کے خلاف احتجاج کرسکیں ۔

APJ Abdul Kalam laid to rest with full state honours in his hometown of Rameswaram

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں