پی ٹی آئی
صدرکل ہند مجلس اتحاد المسلمین اسد الدین اویسی نے آج الزام لگایا ہے کہ حکومت مہاراشٹرا21جون کو تعلیمی اداروں میں یوگا کا بین الاقوامی دن منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے مسلمانوں کوکچھ ایسا کرنے کے لئے دباؤ ڈال رہی ہے جو اسلام میں ممنوع ہے ۔ ریاست کے وزیر تعلیم ونود تواڑے نے دوسری طرف کہا کہ مجلسی لیڈر کو صرف اس مسئلہ کو سیاسی رنگ دینے میں دلچسپی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ یوگا کے دن کو نہ منانے پر کوئی تعزیری کارروائی نہیں کی جائے گی۔ اسد الدین اویسی نے کہا کہ حکومت کو بچوں کے لئے یوگا لازمی قرار دینے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ یوگا کرتے ہوئے سوریہ نمسکار بھی کرنا پڑتا ہے اس کا یہ مطلب ہے کہ آپ سورج کی پرستش کررہے ہیں۔ حکومت کو یہ بات سمجھنی چاہئے کہ مسلمان اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہیں کرسکتے ۔ اس کے علاوہ اس دن رمضان ہوگا۔ لوگوں کو ہمارے مقدس مہینے میں کیوں غیر ضروریی طور پر ایک جسمانی مشقت سے گزارا جائے ۔ ٹیلی فون پر پی ٹی آئی سے بات چیت کرتے ہوئے اسد الدین اویسی نے کہا کہ یوگا کو فروغ دینے کے بجائے حکومت دوسرے کھیلوں مثلاً مارشل آرٹساور ہندوستانی ریسلنگ کو بڑھاوا دے سکتی ہے جس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ریاستی حکومت نے ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود مسلمانوں کو تحفظات دینے سے انکار کردیا اور اس کے بعد بیف پر پابندی لگائی گئی اور اب یوگا۔ حکومت کیوں ہم پر اپنی آئیڈیا لوجی تھوپ رہی ہے؟ حکومت کیوں کسانوں کے بارے میں نہیں سوچ رہی ہے جو خود کشی کررہے ہیں؟ تواڑے نے اسد الدین اویسی کے تبصرہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسی کے بھی مذہبی جذبات کو ٹھیس پہونچانے کا ارادہ نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ سوریہ نمسکار کے علاوہ یوگا میں کئی پوزیشنس ہوتی ہیں ۔ پوری دنیا اس بات سے اتفاق کرتی ہے کہ یوگا کے جسم اور روح پر اچھے اثرات پڑتے ہیں ۔ ہم نے 21جون کو یوگا سشن کے انعقاد کو کسی بھی تعلیمی ادارے کے لئے لازمی قرار نہیں دیاہے۔ تواڑے نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارو ں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی جو21جون کو یوگا ڈے نہیں منائیں گے ۔ انہوں نے اسد الدین اویسی کے موقف کو افسوسناک قرار دیا۔
Asaduddin Owaisi objects to Yoga Day in Maharashtra schools
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں