مرکزی حکومت کے اسکولوں میں چھٹی تا دسویں جماعت یوگا لازمی مضمون - اسمرتی ایرانی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-23

مرکزی حکومت کے اسکولوں میں چھٹی تا دسویں جماعت یوگا لازمی مضمون - اسمرتی ایرانی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکزی حکومت کے زیر انتظام اسکولوں میں اب چھٹی تا دسویں جماعت یوگا نہ صرف لازمی مضمون کے طور پر پڑھایاجائے گا بلکہ ٹیچر ایجوکیشن پروگراموں میں اسے ٹریننگ ماڈیول کے طور پر بھی شامل کیاجائے گا ۔ وزیر فروغ انسانی وسائل اسمرتی ایرانی نے آج کہا کہ اس کے علاوہ آئندہ سال یہاں یوگا کا ایک قومی سطح کا مقابلہ منعقد کیاجائے گا جس میں بہترین یوگا کرنے والے طالب علم کو پانچ لاکھ روپے کا نقد انسان دیاجائے گا۔ سمرتی ایرانی نے طلبا کے لئے نصاب اور کورس میٹریل جاری کرتے ہوئے کہا کہ طلبا پر کوئی اضافی بوجھ نہیں ڈالاجائے گا۔ پریکٹیکل کے لئے80نشانات مختص کئے جائیں گے، تاہم میں طلبا سے یہ تیقن چاہتی ہوں کہ وہ پورے خلوص کے ساتھ پریکٹیکل کریں گے۔ وہ یہاں ایک تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ کل یہاں پہلے عالمی یوم یوگا کے موقع پر سینکڑوں اسکولی طلبا اور اساتذہ نے تقاریب میں حصہ لیا ۔ بعد ازاں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے سمرتی ایرانی نے کہا کہ ریاستوں کو اپنا نصاب تعلیم طے کرنے کی آزادی حاصل ہے ۔ سرکاری عہدیداروں نے کہا کہ سی بی ایس ای نے ملحقہ اسکولوں میں اس پروگرام کے نفاذ سے متعلق حکمت عملی کو قطعیت نہیں دی ہے ، تاہم کیندرییہ ودیالاؤں اور جواہر نوودیاودیالیاؤں میں اس پروگرام کو لازمی بنایاجائے گا ۔ اساتذہ کے تعلیمی پروگرام کے لئے یوگا ٹریننگ ماڈیول بنانے کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد یوگا کے تربیت یافتہ اساتذہ کو اکٹھا کرنا ہے جو تقاضوں پر پورے اتر سکیں ۔ ہم نے اساتذہ کے لئے بھی نصاب تیار کیا ہے ۔ ایک یوگا ایجوکیشن میں ڈپلومہ ، دوسرا یوگا ایجوکیشن میں بیچلر اور یوگا ایجوکیشن میں ماسٹر ڈگری ہوگی ۔ نیشنل کونسل آف ٹیچر ایجوکیشن نے اپنے نظر ثانی شدہ اعلامیہ میں یوگا کو آئی سی ٹی کے ساتھ لازمی ٹریننگ ماڈیول بنایا ہے ۔ سمرتی ایرانی نے اس موقع پر بھی اعلان کیا کہ17جولائی کو ایک موبائل اپلی کیشن متعارف کرایاجائے گا جس کے ذریعہ یکم تا دسویں جماعت کی این سی ای آر ٹی کتب مفت ڈاؤن لوڈ کی جاسکیں گی ۔

Smriti Irani unveils syllabus for yoga in CBSE schools

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں