یوم یوگا - پاکستان میں ہندوستانی ہائی کمیشن تک محدود - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-22

یوم یوگا - پاکستان میں ہندوستانی ہائی کمیشن تک محدود

اسلام آباد
پی ٹی آئی
دنیا بھر میں پہلا عالمی یوم یوگا منایا گیا لیکن پاکستان میں یہ اسلام آباد کے ہندوستانی ہائی کمیشن کے احاطہ تک ہی محدود رہا ۔ مشن کے اسٹاف اور دیگر بیرونی سفارت کاروں نے آسن کیا ۔ پروگرام صبح7بجے شروع ہوا اور دو گھنٹے جاری رہا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہندوستانی ہائی کمشنر ٹی سی اے راگھون نے عالمی یوم یوگا کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ پاکستانی حکام نے ابتدا میں عالمی یوم یوگا کے لئے کچ پہل کی تھی لیکن بعد ازاں اسے منسوخ کردیا گیا ۔ پاکستان نے ایک ہندوستانی یوگا ٹیچر کو ویزا دینے سے بھی انکار کردیا ۔ بعد ازاں ہندوستان نے فیصلہ کیا کہ ہائی کمیشن کے احاطہ میں ہی اس کا اہتمام کیاجائے ۔

دریں اثنا کولکتہ سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب عالمی یوم یوگاکا اہتمام نہ کرنے کے اپنے موف پر نظر ثانی کی پاکستان سے اپیل کرتے ہوئے مرکزی وزیر روی شنکر ، پرساد نے آج کہا کہ یوگا سے ملک میں امن لانے میں مدد ملے گی ۔ وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹکنالوجی پرساد نے کہاکہ یہ جاننا ضروری ہے کہ190سے زائد ممالک نے یہ تسلیم کرلیا ہے کہیوگا انسانیت کے لئے اہم ہے ۔ ان میں سے تقریبا44مسلم ممالک ہیں ۔ اس سے قبل کسی تجویز کو اتنی زبردست تائید حاصل نہیں ہوئی ۔ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ یوگا کا نیویارک، چین، اور لندن میں بھی اہتمام کیاجارہا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے بھی کہا تھا کہ وہ اپنے ملک میں یوگا کے بارے میں بات کرے گا لیکن اچانک اس نے اس بارے میں خاموشی اختیار کرلی۔ میں ان سے اپنے خیال میں تبدیلی کی درخواست کروں گا کیونکہ ہمارا احسا س ہے کہ یوگا ان کے ملک میں بھی امن لانے میں مددگار ثابت ہوگا ۔ پرساد نے بتایا کہ پاکستان میں ابتدا میں کچھ شروعات کی گئی تھیں لیکن لمحہ آخر میں اسے منسوخ کردیا گیا۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ہماری حکومت پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کی خواہاں ہے ۔ اگروہ یوگا نہیں کرتے ہیں تو یہ ان کا اپنا معاملہ ہے لیکن اگر وہ کریں تو یہ ان کے لئے بہتر ہوگا ۔ یہ دعوے مسترد کرتے ہوئے کہ یوگا ایک مخصوص مذہب اور عقیدہ کی نمائندگی کرتا ہے انہوں نے کہا کہ یہ کسی خاص عقیدہ یا طرز کی علامت نہیں ہے ۔ یہ انسانیت، امن اور بھائی چارگی کی علامت ہے ۔ یہ ہمارے ملک کی تہذیب و ثقافت کی علامت ہے ۔ یوگا اخلاقی اقدار اور بلا لحاظ ذات ، پات قومیت اور طبقہ ساری انسانیت کی بھلائی کے لئے ہے ۔

International Day of Yoga in Pakistan confined to Indian mission

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں