موٹر گاڑی دریائے گوداوری میں گر پڑی - 22 افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-14

موٹر گاڑی دریائے گوداوری میں گر پڑی - 22 افراد ہلاک

حیدرآباد
ایس این بی
یاترا کے بعد وجئے واڑہ واپس ہونے کے دوران پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک ہی کنبہ کے 22افراد ہلاک ہوگئے اور دو کم عمر بچے زخمی ہوگئے ۔ یہ حادثہ کل رات دیر گئے آندھرا پردیش کے راجمندری میں اس وقت پیش آیا جب ان افراد کو لے جانے والی وین نے دو لیشورم کاٹن بیاریج کی ریلنگ کو ٹکر دے دی اور گوداوری ندی میں گر پڑی ۔ اس حادثہ میں صرف دو بچوں کو بچایاجسکا ۔ انہیں علاج کے لئے راجمندری کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔ مرنے والوں میں نو خواتین اور چھ بچے شامل ہیں ۔ بتایاجات ہے کہ ڈرائیور حالت نیند میں تھا جس کے سبب یہ حادثہ پیش آیا ۔ اس حادثہ میں ڈرائیور بھی ہلاک ہوگیا ۔ مرنے والوں کا تعلق وشاکھا پٹنم ، ضلع سے ہے۔ اس حادثہ کے سبب دو لیشورم بیارج کے پل پر ٹریفک جام ہوگئی۔ ندی کے کنارے لاشوں کا دلخراش منظر دیکھا گیا ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہونچی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال پہونچایا ۔ اس واقعہ پر آندھرا پردیش کے وزیر الیٰ این چندرا بابو نائیڈو نے افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے مشرقی گوداوری ضلع کے کلکٹر سے فون پر بات کرتے ہوئے اس واقعہ کی تفصیلات حاصل کیں اور حادثہ کی وجوہات معلوم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے زخمیوں کا فوج علاج کروانے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ لاشوں کو فورا ورثا کے حوالہ کرنے کے بھی اقدامات کئے جائیں۔ مشرقی گوداوری ضلع کے کلکٹرارون کمار نے بتایا کہ یہ حادثہ صبح تقریبا ساڑھے پانچ بجے رونما ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اگرچہ دریا میں پانی کم تھا لیکن بس کے30تا35فٹ اونچائی سے گرنے سے جائے حادثہپر ہی بیشتر اموات ہوگئیں ۔ اسی دوران اے پی کے وزیر ٹرانسپورٹایس راگھوراؤ نے اس پورے معاملہ کی جانچ کا اعلان کیا ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مشرقی گوداوری کے ٹرانسپورٹ آفیسر کو اس حادثہ کی مکمل جانچ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ مہلوکین میں9خواتین، چھ مرد اور چھ بچے شامل ہیں ۔ 21افراد کی بر سر موقع ہلاکت واقعی ہوگئی جب کہ راحت رسانی کے ذریعہ دو بچوں بشمول ایک لڑکی کو محفوظ نکالنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔ جنہیں راجمندری کے سرکاری اسپتال میں شریک کیا گیا۔ بعد ازاں ایک لڑکی نے علاج کے دوران دم توڑ دیا ۔ جب کہ13سالہ ای کرن دواخانہ میں زیر علاج ہے جس کا تعلق وشاکھا پٹنم کے اچھوتا پورم سے بتایا گیا ہے ۔ بتایا گیا کہ6ون کو مذکورہ افراد بھدرا چلم، سری سائلم، تروملااور سری کلا ہستی درشن کی غرض سے روانہ ہوئے تھے اور واپسی کے موقع پر وجئے واڑہ میں یہ حادثہ پیش آیا۔ مہلوکین کی ای اپاراؤ، رام بابو، کونڈ ما، پرساد، کنکا، کوسماں، گوپی ، سائی، اناپورنا ، راجو، رمنا، وینکٹ ، شینماں، نمیتا ، کارتک، نویا ، پون، سندھیا، وینکٹا لکشمی ، اور سوکلماں کی حیثیت سے نشاندہی کی گئی ہے۔ وزیر داخلہ آندھرا پردیش جنہوں نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔

یو این آئی کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے آندھرا پردیش کے راجمندری میں پیش آئے سڑک حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیام میں اس حادثہ میں مرنے والے افراد کو بھر پور خراج عقیدت پیش کیا۔

یو این آئی کی ایک اور علیحدہ اطلاع کے بموجب آندھرا پردیش کی حزب اختلاف جماعت وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ جگن موہن ریڈی نے راجمندری میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ہوئی ہلاکتوں پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے اس حادثہ میں مرنے والے افراد کے کنبہ کے ارکان سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کے مناسب علاج کی ضرورت پر زوردیا ۔ انہوں نے مرنے والے افراد کے کنبوں کو فوری طور پر معاوضہ ادا کرنے کا ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا۔

22 killed as cruiser van falls into Godavari river

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں