بہار اسمبلی کے انتخابات کی تیاریاں - نشستوں کی تقسیم پر مذاکرات شروع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-14

بہار اسمبلی کے انتخابات کی تیاریاں - نشستوں کی تقسیم پر مذاکرات شروع

نئی دہلی
یو این آئی
بہار اسمبلی انتخابات میں جنتا پریوار کے متحد ہوکر وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں انتخاب لڑنے کے اعلان کے بعد سبھی اہم سیاسی پارٹیوں کی کارروائیاں تیز ہوگئی ہیں اور سیٹوں کی تقسیم اور اتحاد کے سلسلے میں با ت چیت کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ جنتا پریوار کے انضمام کے لئے کمیٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کے مسٹرنتیش کمار کی قیادت میں انتخاب لڑنے کے اعلان کے بعد راشٹریہ جنتا دل کے زیادہ سیٹوں پر انتخاب لڑنے کے دعوے میں جہاں نرمی آئی ہے وہیں دوسری جانب آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو نے مسلم ووٹروں کو رجھانے کے لئے فرقہ واریت پر حملے تیز کردیے ہیں۔ مسٹر لالو پرساد یادو نے کانگریس کے ساتھ ہی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی سے بھی اتحاد کرنے کی کوشش کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ مسٹر نتیش کمار نے تو انتخابی اتحاد کے سلسلے میں کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی سے گزشتہ دنوں ملاقات بھی کی ۔ کانگریس نے صوت حال کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے ۔ اس سلسلے میں پارٹی کی بہار اکائی کے لیڈروں نے پارٹی صدر سونیا گاندھی اور پارٹی کے نائب صدر راہل گاندھی سے ملاقات کی ۔ ریاستی لیڈر سیٹوں کی بہتر تقسیم چاہتے ہیں ۔ ریاست کے ممبران اسمبلی جماعت کے لیڈرسدانند سنگھ نے محترمہ سونیا گاندھی اور مسٹر گاندھی سے ملاقات کی اور انہیں ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال اور پارٹی امید واروں کے انتخاب کے عمل کے سلسلے میں بات چیت کی۔ ساتھ ہی انہوں نے جنتا پریوار کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم بہتر طور پر کرنے کی گزارش بھی کی۔ اسی دوران صدر لوک جن شکتی پارٹی و مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کی حکمت عملی پر آج صدر بی جے پی امیت شاہ کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ مرکزی وزیر اننت کمار کو بہار اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کا انچارج مقرر کیے جانے کے فوراً بعد پاسوان نے امیت شاہ سے ملاقات کی ۔ سمجھا جاتا ہے کہ لوک جن شکتی پارٹی243رکنی اسمبلی میں50نشستوں پر انتخاب لڑنا چاہتی ہے ۔ پاسوان کے ساتھ لوک جن شکتی پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے صدر اور پارٹی لیڈر چراغ پاسوان بھی موجود تھے ۔ میٹنگ کے بعد پاسوان نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اسمبلی انتخابات میں قومی جمہوری اتحادکس طرح ٹیم جذبے کے ساتھ کام کرے اس پر بات چیت ہوئی ہے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ سابق چیف منسٹر جیتن رام مانجھی کے این ڈی اے میں شامل ہونے سے اسے ضرور فائدہ ہوگا۔ مانجھی نے حال ہی میں امیت شاہ سے ملاقات کر بی جے پی کے ساتھ الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے دوران لوک جن شکتی پارٹی نے بی جے پی سے تال میل کرکے سات سیٹوں پر انتخاب لڑا تھا اور اس کے6امید وار جیت گئے تھے ۔ اس سے قبل این ڈی اے مین شامل قومی لوک سمتا پارٹی کے سربراہ اور مرکزی وزری اپیندر کشواہانے بھی امیت شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے نشستوں کی تقسیم پر بات کی تھی۔کشواہا 40-50سیٹوں پر الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں لوک سمتا پارٹی نے تین سیٹوں پر انتخاب لڑا تھااور اس کے تمام امید وار انتخاب جیت گئے تھے۔

Bihar assembly elections, allocation of seats on the negotiations

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں