تلنگانہ یوم تاسیس جشن - چارمینار کے دامن میں غلام علی کا غزل پروگرام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-07

تلنگانہ یوم تاسیس جشن - چارمینار کے دامن میں غلام علی کا غزل پروگرام

حیدرآباد
یو این آئی
ملک کی29ویں ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے ایک سال کے موقع پر جاری جشن تلنگانہ پروگرام کے حصہ کے طور پر تلنگانہ کے دارالحکومت شہر حیدرآباد کے تاریخی چار مینار کے دامن میں کل شب شہنشاہ غزل غلام علی کا ایک یادگار پروگرام ترتیب دیا گیا جس کی ہزاروں شائقین غزل و موسیقی نے بڑے اشتیاق اور انہماک کے ساتھ سماعت کی۔ چار مینار اور آس پاس کے علاقہ ایک تہوار کا منظر پیش کررہے تھے ۔ چار مینار، مکہ مسجد، گلزار حوض اور دیگر مقامات کو روشنی سے بقعہ نور بنادیا گیا تھا۔وسیع و عریض شہ نشین کو موتیا کے پھولوں سے سجایا گیا تھا جس کی مہک فضا کو معطر کئے ہوئے تھی۔ مہمانوں کے لئے صوفوں اور کرسیوں کا بہترین انتظام کیا گیا تھا ۔ یہ پروگرام تلنگانہ کے قیام کی پہلی سالگرہ کے پر مسرت موقع پر محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا ۔ پھولوں کی مہک اور رنگ و نور کے جلو میں غلام علی نے ایک سماں باندھ دیا ۔ ریاست تلنگانہ کے نائب وزیر اعلیٰ محمد محمود علی نے اس تقریب کو حقیقی جشن تلنگانہ قرار دیا اور کہا کہ ایسا ماحول کبھی بھی نہیں دیکھا گیا ، اور جس طرح یہاں نور پھیلا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح تلنگانہ کے پہلے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ چاہتے ہیں کہ ریاست کے ہر شہری کے چہرہ پر ترقی ، خوشحالی کا نور چمکتا رہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ نے گزشتہ ایک سال کے دوران جو ترقی کی ہے اور امن و امان کا جو ماحول قائم کیا ہے اس نے آندھرا پردیش کے لیڈروں اور میڈیا کے اس پروپیگنڈہ کو غلط ثابت کردیا کہ تلنگانہ خطہ کو ریاست کا درجہ ملنے پر یہاں پر گڑ بڑ ہنگامے پھیل جائیں گے ترقی رک جائے گی اور ریاست زوال کا شکار ہوجائے گی۔انہوں نے بجلی کی بہترین صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ میں گجرات کے بعد تلنگانہ کا ہی نمبر ہے ۔ مسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ اب حیدرآباد ایک کروڑ باشندگان کا مسکن ہے اور آنے والے دنوں میں یہاں کروڑوں افراد آباد ہوجائیں گے ۔ چار مینار چار قوموں ہندو، مسلمان سکھ، اور عیسائی کے اتحاد کی علامت ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی شخصیت اور ان کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عظیم لیڈر ہیں ۔

Telangana anniversary Ghulam Ali ghazal program at Charminar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں