اترپردیش میں اہم شخصیتوں کی بھینسوں کے سرقہ سے پولیس کو پریشانی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-25

اترپردیش میں اہم شخصیتوں کی بھینسوں کے سرقہ سے پولیس کو پریشانی

لکھنو
آئی اے این ایس
اہم شخصیتوں کی مسروقہ بھینسوں کی وجہ سے اتر پردیش پولیس کو بھاگ دوڑ کرنی پڑ رہی ہے۔ یوپی کے وزیر محمد اعظم خان کی بھینسوں کا سرقہ کرنے والے چور کو گرفتار کرنے کے چند ہی دن بعد اب پولس کو ضلع بریلی میں ایک رکن اسمبلی کے فارم ہاؤز سے آٹھ بھینسوں کی چوری کے بارے میں تحقیقات کرنی پڑرہی ہے ۔ بی جے پی رکن اسمبلی دھرم پال سنگھ نے یہ واضح کردیا ہے کہ پولیس کو ویسی ہی مستعدی دکھائی ہوگی جیسی اس نے جنوری2014میں اعظم خان کی بھینسوں کو تلاش کرنے میں دکھائی تھی ۔ ذرائع نے بتایا کہ بریلی پولیس ایک غیر متوقع بحران میں گھر گئی ہے ۔ اسے وی آئی پی سرقہ اور دیگر جرائم کی تحقیقات میں توازن برقرار رکھنے میں دشوری محسوس ہورہی ہے ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بی جے پی رکن اسمبلی کی آٹھ بھینسوں کے سرقہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جھنجھلاہٹ کے ساتھ کہا کہ ہم پر پہلے ہی بہت بوجھ ہے اور اب یہ ایک نئی مصیبت آگئی ہے ۔ واضح رہے کہ دھرم پال سنگھ ماضی میں ریاستی وزیر کے عہدہ پر بھی فائز رہ چکے ہیں ۔ مسلح افراد نے پیر کی رات دیر گئے موضع جھنگوالہ میں دھرم پال کے فارم ہاؤز سے آٹھ بھینسوں کا سرقہ کرلیا ۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ فارم ہاؤز کے نگراں پر بندوق تان دی گئی تھی اور اس کے بعد بھینسوں کا سرقہ کرلی اگیا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے جس تیزی سے اور مستعدی کے ساتھ اعظم خان کی بھینسوں کو تلاش کیا تھا ، اس معاملہ میں بھی ویسا ہی کیاجانا چاہئے ۔ پولیس کو ویسی ہی مستعدی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مویشی چوروں کی تولی نے انہیں محض اس لئے نشانہ بنایا ہے کیوں کہ وہ ان کے خلاف ایک مہم چلارہے ہیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ایک افی آئی آر درج کرلی گئی ہے اور مسروقہ بھینسوں کو بر آمد کرنے تین پولیس اسٹیشنوں کی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔

Stolen VIP buffaloes gave UP Police sleepless nights

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں