ٹیپس میں چندرا بابو نائیڈو کی ہی آواز - فورنسک لیباریٹری کی رپورٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-25

ٹیپس میں چندرا بابو نائیڈو کی ہی آواز - فورنسک لیباریٹری کی رپورٹ

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
نوٹ برائے ووٹ اسکام کے سلسلہ میں چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو اور عیسائی نامزد ایم ایل اے اسٹیفنس کے درمیان ہوئی بات چیت کے ٹیپ اصلی ہیں اور اس میں کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی گئی ۔ اس طرح یہ ثابت ہوگیا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو نے ہی اسٹفنس کو فون کیا تھا ۔ سنٹرل فورنسک سائنس لیباریٹری نے اس اسکینڈل کے ویڈیو اور آڈیو ٹپس فورنکس سائنس لیباریٹری کو روانہ کئے تھے جس کی جانچ کی رپورٹ آج لیباریٹری نے عدالت میں پیش کی جس میں یہ رائے دی گئی۔ اینٹی کرپشن بیورو جمعرات کو عدالت میں درخواست داخل کرکے رپورٹ کی نقل حاصل کرے گا اور پھر چندرا بابو نائیڈو کو نوٹس دئیے جانے کا قطعی فیصلہ کیاجائے گا ۔ چندرا بابو نائیڈو کی آواز کے نمونے پھر حاصل کئے جائیں گے تاکہ تقابل کیاجاسکے ۔ فورنسک سائنس لیباریٹری رپورٹ کی اطلاع کے ساتھ ہی بالخصوص ٹی آر ایس حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جب کہ آندھرا، بالخصوص تلگو دیشم حلقوں میں مایوسی پید اہوگئی ہے ۔ یہاں اس بات کا ذکرضروری ہوگا کہ ایم ایل سی انتخابات میں اپنے امید وار کے لئے ووٹ حاصل کرنے تلگو دیشم نے عیسائی نامزد ایم ایل اے اسٹفنس کو پانچ کروڑ روپے کا پیشکش کیا تھا اور ایم ایل اے ریونت ریڈی پچاس لاکھ روپے دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلئے گئے ۔ اس سے قبل چندرا بابو نائیڈونے اسٹیفنس کو فون کر کے کہا تھا کہ ان کے لوگ جو بھی تیقن دے رہے ہیں اس پر عمل کیا جائے گا۔ آپ مکمل اعتماد کیجئے ۔ پریشانی کی کوئی بات نہیں۔ آواز کی یہ ریکارڈنگT Newsنے جاری کی تھی جس کے بعد ایک ہنگامہ کھڑا ہوگیا ۔ چندرا بابو نائیدو نے اپنے ٹیلیفون کو ٹیپ کئے جانے پر سخت احتجاج کیا اور وزیر اعظم سے نمائندگی کرتے ہوئے اس کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا ۔ اے سی بی نے آواز ریکارڈ کرنے کی تردید کردی ۔ اب تک پتہ نہیں چلا کہ یہ کس نے ٹیپ کیا؟ مسلسل احتجاج کے پیش نظر گورنر نرسمہن نے دونوں حکومتوں کے دائرہ اختیار کے تعلق سے اٹارنی جنرل آف انڈیا سے رائے طلب کی تھی جس پر وانا وتی نے رائے دی کہ حیدرآباد مشترکہ صدر مقام ہے ۔ گورنر، تنظیم جدید قانون آندھرا پردیش کے دفعہ8کے تحت راست پولیس کا کنٹرول حاصل کرسکتے ہیں ۔ اس کے خلاف تلنگانہ حکومت نے سخت احتجاج کیا اور سنگین نتائج کا انتباہ دیا تھا۔

Cash-for-vote scam: Preliminary report by forensic lab says tapes are genuine

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں