یمن میں فوجی ہیڈ کوارٹر پر حملہ - 44 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-08

یمن میں فوجی ہیڈ کوارٹر پر حملہ - 44 ہلاک

صنعا
رائٹر
سعودی زیر قیادت عرب اتحاد نے آج وسطی صنعا میں یمنی فوج کے اہم ہیڈ کوارٹر پر فضائی حملہ کیا جس میں 44افراد جاں بحق ہوگئے ۔ حوثیوں کے زیر اثر خبررساں ادارہ صبا نے یہ اطلاع دی ۔ ایجنسی کے مطابق عام شہریوں کے بشمول100سے زائد افراد اس حملہ میں زخمی ہوئے ہیں جب کہ ضلع تحریر میں کئی شہریوں کے مکانات تباہ ہوگئے ۔ قبل ازیں مقامی شہریوں نے کہا تھا کہ فوجی ہیڈ کوارٹر مین4بڑے دھماکے سنائی دئیے جس سے علاقہ گونج اٹھا۔ اس فوجی مرکز میں ایران نواز حوثی گروپ کے جنگجو حملہ کے وقت موجود تھے ۔ ذرائع کے مطابق یہ جنگجو اپنی تنخواہوں کے حصول کے لئے یہاں جمع تھے کہ عرب اتحاد نے زبردست فضائی حملہ کیا جس میں44سے زائد سپاہی ہلاک ہوگئے ۔ ایجنسی کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جن میں بیشتر عام شہری ہیں۔ وزارت صحت کے حوالہ سے ایجنسی نے اطلاع دی کہ امدادی ٹیموں نے بچاؤ مہم شروع کردی ہے جہاں حملہ میں تباہ مکانات کے ملبہ میں ہنوز زخمیوں کے پھنسے ہونے کے امکانات ہیں۔ اقوام متحدہ کی زیر سرپرستی اس ماہ جنیوا میں امن بات چیت شروع ہونے کے باوجود یمن کے تشدد میں اضافہ ہوا ہے ۔ ریاض میں جلا وطن یمنی حکومت اور حوثی جنگجوؤں نے14جون سے شروع ہونے والی بات چیت میں حصہ لینے سے اتفاق کیا ہے ۔ اقوام متحدہ کے خصوصی سفیر برائے یمن اسماعیل اولد شیخ احمد عمانی وزیر خارجہ سے بات چیت کے لئے عمان میں ہیں۔ اس کا مقصد جنیوا کے مجوزہ اجلاس کی تیاری بتایا گیا ۔ سعودی زیر قیادت عرب اتحاد اور حوثیوں کے درمیان ثالثی کے لئے عمان نے مداخلت کی ہے ۔ عرب اتحاد یمن پر26مارچ سے فضائی حملہ کررہا ہے تاکہ حوثیوں کو بے دخل کرکے صدرعبدالربو منصور ہادی کے اقتدار کو بحال کیاجاسکے ۔ مقامی افراد نے بتایا کہ عرب اتحاد نے دارالحکومت کے مشرق اور مغرب میں دیگر فوجی کیمپوں کو بھی نشانہ بنایا لیکن وہاں مرنے والوں کی تعدادفوری طور پر معلوم نہ ہوسکی ۔ حوثیوں اور ان سے وابستہ یمنی فوجیوں نے کل سعودی عرب پر اسکڈ میزائل داغہ تھا۔ جنگ شروع ہونے کے بعد بیالیسٹک میزائل کا یہ پہلا استعمال تھا۔ سعودی فوج نے کہا کہ اس نے مملکت کے جنوب مغرب میں خمیص مشیت شہر کو نشانہ بنایا۔ اس حملہ کے بعد عرب اتحاد کی گولہ باری میں سعودی عرب سے قریب واقع صوبوں میں38یمنی جاں بحق ہوگئے تاہم اس کی فوری طور پر توثیق نہیں ہوسکی ۔

Saudi-led air strikes kill 44 in attack on Yemeni army HQ

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں