مسلمان ایودھیا پر دعوے سے دستبردار ہو جائیں - اشوک سنگھل کا مشورہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-25

مسلمان ایودھیا پر دعوے سے دستبردار ہو جائیں - اشوک سنگھل کا مشورہ

ایودھیا
پی ٹی آئی
وی ایچ پی لیڈر اشوک سنگھل نے آج کہا کہ جب تک مسلمان ایودھیا، متھرا اور کاشی پر جہاں مندر اور مسجدتنازعہ ہے ، اپنے دعوے سے دستبردار نہیں ہوجاتے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی پیدا نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے سنی سنٹرل بوڈ اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ سے پہل کرنے کے لئے کہا۔ انہوں نے یہاں پی ٹی آئی کو بتایا کہ انہیں (مسلمانوں کو) یہ سوچنا چاہئے کہ اس جدو جہد کو کب تک جاری رکھا جاسکتا ہے ۔ جب تک مسلمان ان تینوں مقامات ایودھیا، متھرا اور کاشی پر اپنے دعوے سے دستبردار نہیں ہوتے ہندو مسلم بھائی چارہ اور ہم آہنگی پیدا نہیں کی جاسکتی ۔ انہوں نے مذکورہ مقامات پر مندر مسجد تنازعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب تک مسلمان اپنے دعوے سے دستبردار نہیں ہوں گے ۔ جدو جہد جاری رہے گی ۔ اگر وہ عدالت کے ذریعہ اسے لینا چاہتے ہیں تو پھر10ہزار مقدمات دائر کئے جائیں گے ۔ وی ایچ پی کے سابق بین الاقوامی صدر نے کہا کہ سنی سنٹرل بورڈ کو اس سمت میں پہل کرنی چاہئے ۔ ہم نے کہا تھا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کو بھی اس معاملہ میں پہل کرنا چاہئے ۔ ایودھیا مندر مسئلہ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ6دسمبر1992کو متنازعہ ڈھانچہ کو منہدم کئے جانے کے بعد سے سیکوریٹی پر10ہزار کروڑ روپے خرچ کیے جاچکے ہیں لیکن جس سیکوریٹی کا تصور کیا گیا تھا وہ کہیں نظر نہیں آتی ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب دہشت گردوں نے2005میں یہاں حملہ کیا تھا تو مقامی عوام نے سیکوریٹی عملہ کو اطلاع دی تھی۔ انہوں نے متنازعہ مقام پر سیکوریٹی فورسسکی مستقل تعیناتی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ اس کی وجہ سے دہشت پید اہوتی ہے ۔
یو این آئی کے بموجب وشوا ہندو پ ریشد نے جو یہاں عظیم الشان رام مندر کی تعمیر کے لئے جدو جہد کررہی ہے ، اب مطالبہ کیا ہے کہ مندوروں کے شہر میں محصلہ اراضی کو بین الاقوامی سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دیاجائے ۔ وی ایچ پی لیڈراشوک سنگھل نے آج یہاں یو این آئی کو بتایا کہ مرکز کو فوری ایودھیا میں محصلہ اراضی کو بین الاقوامی سیاحتی مرکز بنانے کا عمل شروع کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف110x95فیٹ اراضی متنازعہ ہے، جب کہ ایودھیا میں70ایکڑ اراضی ہے جسے سیاحتی مرکز کے لئے استعمال کیاجانا چاہئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو اس اراضی کی نشاندہی کرنی چاہئے جس پر سپریم کورٹ کی رولنگ کے مطابق جوں کا توں موقف برقرار رکھنا ہے۔ باقی اراضی کو ترقی دی جانی چاہئے ۔ اشوک سنگھل جنہوں نے آج صبح رام للا کے درشن کئے، ایودھیا آنے والے یاتریوں کے مسائل پر برہمی ظاہر کی ۔ انہوں نے کہا کہ رام للا کے درشن کے لئے یاتریوں کو کئی گھنٹے قطار میں انتظار کرنا پڑتاہے جو انتہائی بد بختانہ ہے۔ وی ایچ پی رام مندر کی تعمیر کے لئے رام بھگتوں کی جانب سے1۔25لاکھ مربع فیٹ گلاپی پتھر بطور عطیہ حاصل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ایودھیا میں کارسیوک پورم میں وی ایچ پی کی ورک شاپ میں پہلے ہی ایک لاکھ فیٹ سے زیادہ پتھر تراشا جاچکا ہے جسے رام مندر کی تعمیر میں استعمال کیاجائے گا ۔ گزشتہ ہفتہ وی ایچ پی نے ملک بھر کے عوام سے گلابی پتھر کا عطیہ حاصل کرنے کا اعلان کیا۔

VHP's Ashok Singhal wants Muslims to give up claim over Ayodhya

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں