بہار میں نتیش کمار اور لالو پرساد ایک پلیٹ فارم پر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-24

بہار میں نتیش کمار اور لالو پرساد ایک پلیٹ فارم پر

پٹنہ
پی ٹی آئی
بہار کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کے لئے سیکولر فرنٹ کے قیام اور بہار کے چیف منسٹر کے عہدہ کے لئے نتیش کمار کے اعلان کے بعد پہلی مرتبہ چیف منسٹر بہار نتیش کمار اور آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو آج ایک ساتھ ایک پلیٹ فارم پر برآمد ہوئے ۔ بہار کے اسمبلی انتخابات پر مباحثہ کے لئے ہندوستان سنگم کی جانب سے منعقدہ پروگرام میں دونوں قائدین نے اپنے اختلافات کو دفن کرتے ہوئے بہار کے اسمبلی انتخابات میں ایک ساتھ مہم چلاتے ہوئے بی جے پی کو نشانہ بنایا اور اپنے اتحاد کا ثبوت دیا۔ اس سے قبل دو موقعوں پر دونوں قائدین پروگرام کے نظام العمل کے باعث ایک دوسرے کا سامنا کرنے سے قاصر رہے تھے جب کہ نتیش کماردونوں موقعوں پر تقریب سے دور رہے کیونکہ آر جے ڈی قائد لالو پرساد نے جنتا پریوار کے انضمام میں رکاوٹیں کھڑی کی تھیں بعد ازاں بہار کے انتخابات میں ان دونوں پارٹیوں کے درمیان مفاہمت ہوگئی۔ تقریب میں نتیش کمار نے پہلے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کو ملک میں ذات پات پر مبنی بد ترین سیاست کرنے والی پارٹی قرار دیا اور کہا کہ بی جے پی ہم کو الٹا ذات پات کی سیاست میں ماخوذ کررہی ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ بی جے پی کی سیاست ذات پات پر ہی مرکوز ہے اور ووٹوں کو حاصل کرنے کے لئے کسی بھی حد سے گزرتے ہوئے ذات پات پر مبنی میٹنگ اور جلسہ منعقد کررہی ہے ۔ نتیش کمار نے جنہوں نے نریندر مودی کو وزارت عظمیٰ کاامید وار مقرر کرنے پر مئی2013میں جنتادل یو کا بی جے پی سے اتحاد ختم کردیا تھا زعفرانی پارٹی کا مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا کہ این ڈی اے نے ان کی قیادت میں2005سے بہترین حکمرانی کا حصہ رہی ہے ۔ انہوں نے بی جے پی کے اس دعویٰ کا مضحکہ اڑایا کہ ایسی وزارتیں جن میں بی جے پی وزرا تھے وہیں بہترین حکمرانی کی گئی تھی۔ کمار نے مبینہ طور پر بی جے پی پر اکثریتی طبقہ کے ووٹ حاصل کرنے فرقہ وارانہ جنون پیدا کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کے لئے خطرناک ہے ۔ آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد نے جنتادل یو اور نتیش کمار کے ساتھ اتحاد کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں کا ایک ہی خاندان سے تعلق ہے ۔ انہوںنے ماضی کے واقعات کو بتاتے ہوئے کہا کہ جس وقت سے جئے پرکاش نارائن نے1974میں تحریک شروع کی تھی ، دونوں نے ان سے قربت حاصل کی تھی ۔ ہم دونوں بہار کی سیاست میں بڑے بھائی اورچھوٹے بھائی کی حیثیت سے معروف ہیں ۔ لالو پرساد نے بتایا کہ نتیش کمار نے ان دنوں مجھے بہار اسمبلی میں قائد اپوزیشن بنانے میں مدد کی تھی ، جس کی مدد سے میں1990میں بہار کا چیف منسٹر بن گیا ۔ لالو پرساد نے کہا کہ نتیش کو بی جے پی نے اغوا کرلیا تھا جس سے میں نے انہیں آزاد کروایا ہے۔ لالو پرساد کے بازو بیٹھے نتیش کمار یہ سن کر قہقہے لگانے لگے ۔لالو پرساد نے کہا کہ ہم دونوں بہار کے منعقد شدنی انتخابات میں بی جے پی کو گھر واپسہونے کا راستہ دکھا رہے ہیں ۔

Lalu Prasad Yadav, Nitish Kumar show bonhomie, vow to send BJP packing in Bihar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں