بہار انتخابات میں نتیش کمار وزیر اعلیٰ عہدے کے امیدوار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-09

بہار انتخابات میں نتیش کمار وزیر اعلیٰ عہدے کے امیدوار

نئی دہلی، پٹنہ
یو این آئی، پی ٹی آئی
جنتا پریوار قائدین نے آج یہ اعلان کیا کہ ریاست میں اس سال ستمبر۔ اکتوبر میں منعقد ہونے والے انتخابات کے لئے جنتادل یو کے قائدوچیف منسٹر بہار نتیش کمار چیف منسٹر کے عہدے کے امیدوار ہوں گے ۔ یہ اعلان بہار میں جنتادل اور آر جے ڈی کے درمیان چناؤ معاہدہ کی منظوری کا نتیجہ ہے۔ نشستون پر تقسیم کی بات چیت کے کل سے شروع ہونے کا امکان ہے ۔ سماج وادی پارٹی قائدو جنتاپریوار لیڈر ملائم سنگھ یادو نے آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو اور جنرل سکریٹری ایس پی رام گوپال یادو، قائد آر جے ڈی پریم کمار گپتا اور جنتادل یو لیڈر شرد یادو کی موجودگی میں یہ اعلان کیا۔اس طرح انتہائی نازک مسئلہ کا جو اتحاد کے قائدین کے درمیان تنازعہ کا سبب بنا ہوا تھا ، خاتمہ ہوگیا۔ چیف منسٹر کے عہدے کے لئے نتیش کمارکے انتخاب کے اعلان کے فوری بعد شرد یادو نے کہا کہ ملک کو نریند رمودی کی حکمرانی سے نجات دلانے کے لئے مکتی سنگرام( جدو جہد آزادی) شروع ہوگئی ہے جب کہ ایس پی لیڈ رام گوپال یادو نے کہا کہ مودی کے اشوا میدھ یجنا گھوڑے کو جس کی پیشرفت دہلی میں روکی گئی تھی ، بالآخر بہار چناؤ میں لگام لگائی جائے گی۔ وہ دہلی میں حال ہی میں منعقدہ اسمبلی چناؤ میں میں اورند کجریوال کی عام آدمی پارٹی کی شاندار کامیابی کا حوالہ دے رہے تھے ، جس میں عام آدمی پارٹی کو70 کے منجملہ67سیٹیں ملی تھیں۔2014کے عام چناؤ میں مودی کی زیر قیادت اتحاد کی کامیابی کے بعد دہلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے شاندار جیت درج کی تھی ۔ لالو پرساد یادو نے پرجوش انداز میں کہا کہ آنے والے چناؤ میں اتحاد کے قائد نتیش کمار ہوں گے ، کیونکہ ہم تمام کا مشترکہ مقصد کسی بھی قیمت پر فرقہ پرستوں کو کچلنا ہے ۔ سابق چیف منسٹر بہار نے کہا کہ حقیقی سانپ کو کچلنے کے لئے جو کہ فرقہ پرستی ہے، وہ کسی بھی طرح کا زہر پینے تیار ہیں ۔ لالو پرسا د یادو نے مزید کہا کہ ان کے خاندان میں ایسا کوئی بھی رکن نہیں ہے جو کہ چیف منسٹر کے عہدے کا خواہشمند ہے اور وقت کا تقاضہ ہے کہ فرقہ پرست قوتوں کی شکست کو یقینی بنانے کے لئے ہاتھ ملائے جائیں ۔ جنتا پریوار کے قائدین نے کانگریس کے ساتھ اپنے چناؤ معاہدہ کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں لیکن نتیش کمار نے جنہوں نے کل نائب صدر راہول گاندھی کے ساتھ ملاقات کی تھی، پٹنہ میں نامہ نگاروں سے کہا کہ کانگریس اس اتحاد کا ایک حصہ ہے جو ریاست میں ان کی حکومت کی تائید کررہی ہے۔ نتیش کمار نے کہا کہ کانگریس چناؤ اتھاد کی بات میں شامل تھی ۔ جنتا پریوار کے قائدین نے نریندر مودی حکومت پر اس کے چناؤ وعدوں سے انحراف کا الزام لگایا اور کہا کہ محنت کش افراد اور بے روزگار نوجوان ایسا محسوس کررہے ہیں کہ انہیں دھوکہ دیا گیا ہے کیونکہ مرکز میں قائم این ڈی اے حکومت ایک بھی وعدہ کی تکمیل نہیں کرسکی جو کہ اس نے لوک سبھا چناؤ کے دوران کئے تھے ۔

Bihar elections: Lalu ready to 'consume poison' to defeat BJP, lets Nitish be CM candidate

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں