خانہ کعبہ کا توسیعی کام 2020 تک مکمل ہونے کی امید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-05

خانہ کعبہ کا توسیعی کام 2020 تک مکمل ہونے کی امید

مکہ مکرمہ
یو این آئی
دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے مقدس ترین خانہ کعبہ کی توسیع کا کام زوروشورسے جاری ہے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ سال2020تک یہ توسیعی پراجکٹ پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا ۔ تعمیراتی پراجکٹ سے وابستہ ایک ذریعہ نے بتایا ہے کہ یہ پراجکٹ مکمل ہونے کے بعد بیت اللہ میں بیک وقت50لاکھ مسلما ن نماز ادا کرسکیں گے اور اس اعتبار سے یہ دنیا کی مقدس ترین عبادت گاہ ہونے کے ساتھ ساتھ دنیا کی سب سے بڑی عبادت گاہ بن جائے گی۔ گزشتہ ہفتہ کیر ات میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خانہ کعبہ کو غسل دیا اور خانہ کعبہ کی توسیعی کاموں میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ تعمیراتی کاموں کے پیش نظر مملکت سعودی عربیہ نے دنیا بھر سے آنے والے حجاج کی تعداد میں20فیصد تخفیف کردی ہے ۔ مسجد حرام کے دالان میں ترکی حکمرانوں کی تعمیرات کو منہدم کر کے نئی تعمیرات میں شامل کرلیا گیا ہے۔ مطاف کو چاروں طرف سے کافی بڑا بنایاجارہا ہے تاکہ حج کے موقع پر حجاج کو طواف کرنے میں کوئی پریشانی نہ ہو ۔ خیال رہے کہ میدان عرفات میں قیام کے بعد حاجی منی واپس آتے ہیں، شیطان کو کنکریاں مارتے ہیں، قربانی کرتے ہیں اور پھر طواف زیارت کے لئے آتے ہیں اور طواف زیارت ہی، جو حج کا اہم رکن ہے اور جس میں بیک وقت لاکھوں افراد شرکت کرتے ہیں ، سب سے بڑا طواف ہوتا ہے ۔ جبل کعبہ کی طرف باب عبداللہ کے نام سے موسوم نئی توسیع شدہ عمارت میں ان دنوں تیزی سے کام چل رہا ہے ۔ دوسری طرف صفا و مروہ کی جانب بھی اس طرح توسیع کی گئی ہے کہ حج کے موقع پر زیادہ سے زیادہ تعداد میں حاجی طواف زیارت کرسکیں ۔ مروہ کی جانب جہاں کبھی بڑی بڑی عمارتیں اور ہوٹل ہوتے تھے ، اس وسیع و عریض علاقہ کو اس توسیعی پراجکٹ میں شامل کرلیا گیا ہے ۔ حاجیوں اور زائرین کی سہولت کے لئے حرم شریف کے باہر زمزم کے ٹھنڈے پانی کے لئے معقول انتظامات کئے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ باب عبداللہ نام سے موسوم اس توسیعی پراجکٹ کو شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے شروع کیا تھا ، جن کا حال ہی میں انتقال ہوگیا ہے ۔ حاجیوں اور معتمرین کے لئے یوں تو حرم شریف میں متعدد دروازے ہیں لیکن اس وقت زیادہ تر لوگ باب فہد کو استعمال کرتے ہیں ۔ مملکت سعودی عربیہ کے بانی شاہ عبدالعزیز کے نام سے موسوم باب عبد العزیز ان دنوں تعمیراتی کام کی وجہ سے آمد و رفت کے لئے بند ہے ۔ باب فہد سے باب عبدالعزیز تک کے اگلے حصے میں ائیر کنڈیشننگ کے کام دن رات جاری ہیں اس کے باوجود کعبۃ اللہ میں معتمرین اور زائرین کو سہولیات فراہم کرانے اور بہ آسانی طواف کرنے کے لئے جو انتظامات کئے گئے ہیں وہ لائق تحسین ہیں اور آج بھی روزانہ لاکھوں افراد کعبۃ اللہ میں آتے ہیں اور طواف اور یاد الٰہی میں سر بہ سجود ہوتے ہیں ۔

New Makkah Project 2020 Masjid al Haram

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں