للت مودی کیس - ممبئی پولیس کمشنر سے وزیراعلیٰ فڈناویس کی وضاحت طلبی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-22

للت مودی کیس - ممبئی پولیس کمشنر سے وزیراعلیٰ فڈناویس کی وضاحت طلبی

ممبئی
پی ٹی آئی
چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈ ناویس نے آج کہا کہ انہوں نے آئی پی ایل کے سابق داغدارسربراہ للت مودی سے لندن میں مبینہ ملاقات کے سلسلہ میں ملنے والی اطلاعات پر ممبئی پولیس کمشنر راکیش ماریہ سے وضاحت طلب کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راکیش ماریہ سے کہا گیا ہے کہ میڈیا میں انہوں نے جو بھی کہا ہے اس سے سرکاری طور پر حکومت کو واقف کروایا جائے۔ ان کی دی گئی معلومات کی بنیاد پر مزید کارروائی کا ہم فیصلہ کریں گے ۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا ماریہ کو معلومات فراہم کرنے کے لئے مہلت مقرر کی گئی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ انہیں ایک دن کا وقت دیا گیا ہے ۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا تحقیقات مکمل ہونے تک ماریہ کو عارضی طور پر عہدہ سے ہٹا دیا جائے گا۔ فڈ ناویس نے کہا کہ پہلے معلومات تو ہمارے پاس آنے دیجئے ۔ للت مودی معاملہ میں ایک نیا تنازعہ کل اس وقت سامنے آیا جب ماریہ اعتراف کیا کہ2014میں لندن میں انہوں نے داغدار آئی پی ایل سربراہ سے اس کے وکیل کی خواہش پر ملاقات کی تھی ۔ ماریہ کو یہ بیان اس وقت دینا پڑا جب نیوز چینلس نے للت مودی اور ممبئی پولیس کمشنر کی تصویر جاری کردی۔ ماریہ کے مطابق 15تا20منٹ کی اس ملاقات میں للت مودی نے لندن میں انڈر ورلڈ کی جانب سے اس کی زندگی کو لاحق خطرہ کے پیش نظر ممبئی پولیس کی مدد طلب کی تھی۔ ماریہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس وقت کے وزیر داخلہ کو اس ملاقات سے لندن سے واپسی کے فوری بعد واقف کروادیا تھا ۔ اسی دوران مہاراشٹرا کے مملکتی وزیر داخلہ رنجیت پاٹل نے کہا کہ ملاقات کے لئے للت مودی کا اصرار اس سے ملاقات کا بہانہ نہیں ہوسکتا ۔ مودی سے ماریہ کی ملاقات میں کیا مجبوری تھی اس کی تحقیقات کروائی جائیں گی ۔ اب تک جو معلومات حاصل ہوئی ہیں اس کے مطابق باربار خواہش پر ماریہ نے لندن میں للت مودی سے ملاقات کی تھی ۔ اب ہمیں مکمل ریکارڈ دیکھنا ہوگا اور یہ معلوم کرنا ہوگا کہ للت مودی کے تنازعات میں گھرے ہونے سے واقفیت کے باوجود اس سے ملاقات کرنے میں ماریہ کی کیا مجبوری تھی ۔

Maharashtra CM asks Mumbai Police chief to explain Lalit Modi meeting

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں