نیپال کو ڈیڑھ بلین ڈالر رقم کی امداد - ہند اور چین کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-26

نیپال کو ڈیڑھ بلین ڈالر رقم کی امداد - ہند اور چین کا اعلان

کھٹمنڈو
پی ٹی آئی
ہندوستان اور چین نے حال ہی میں آئے بد ترین زلزلہ سے متاثرہ نیپال کو بطور امداد1.5بلین ڈالر رقم عطا کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ایشیا کی دونوں بڑی طاقتوں نے تباہ کن زلزلہ کی وجہ سے برباد ہوئے نیپال کی تعمیر نو کے لئے یہ رقم دی جائے گی۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے نیپال کو امدا د کے لئے منعقدہ ایک بین الاقوامی کانفرنس میں یہ اعلان کیا ۔ اس کانفرنس میں چین نے بھی شرکت کی ۔ سوراج نے کہا کہ ہندوستان نیپال کو ایک ارب ڈالر کی مدد فراہم کرے گا ۔ اس کے بعد ہندوستان کی طرف سے نیپال کو اگلے پانچ برسوں کے لئے دی جانے والی مجموعی مالی امداد بڑھ کر2ارب ڈالر ہوجائے گی ۔ سوراج نے کہا کہ نیپال کو دی جانے والی ایک ارب ڈالر کی امدادی رقم کا ایک چوتھائی عطیہ کے طور پر ہوگا ۔ واضح رہے کہ نیپال میں رواں برس آئے ہوئے دو زلزلوں میں8,832افراد ہلاک جب کہ زائد از بائیس ہزار افراد زخمی ہوگئے اور ہزارہا ہزار ہنوز بنا کسی شلٹر کے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ نیپال کی حکومت نے زلزلہ سے ہوئی تباہی سے نمٹنے کے لئے تخمینہ لگایا تھا کہ زائد6.6بلین ڈالر رقم درکار ہے ۔ یہ رقم اس کے مجموعی گھریلو پیداوار کا تیسرا حصہ ہے ۔ سشما سوراج نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ، نیپال میں تعمیری کاموں کے لئے پوری دلچسپی رکھتے ہیں ۔ سوراج نے ہند۔ نیپال تعلقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کے تعلقات تاریخی نوعیت کے حامل ہیں ، دونوں ممالک تہذیبی ، مذہبی اور روایتی زبان، ادب اور میتھا لوجی میں مشترکہ اقدار کھتے ہیں ۔ اس موقع پر موجود چینی وزیر خارجہ وانگ وی نے نیپال کے لئے483امریکی ڈالر رقم بطور امداد دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ ان کا ملک اس ہمالیائی ملک کی ترقی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ چین ہر شعبہ میں نیپال کی مدد کرے گا ۔ واضح رہے کہ نیپال میں آئے7.8شدت کے زلزلہ کے فوری بعد ہندوستان اور چین دونوں نے ہی فوری اپنی بچاؤ ٹیموں کو روانہ کیا تھا ۔ نیپال کی حکومت کے مطابق زلزلہ سے زائد از پانچ لاکھ مکانات تباہ ہوگئے اور سات لاکھ سے زائد افراد غریبی کے خط سے نیچے آگئے۔ سشما سوراج نے یہاں منعقدہ بین الاقوامی عطیہ دہندگان کانگرنس کے موقع پر اپنے چینی ہم منصب وانگ وی سے ملاقات کی اور 26/11حملے اصل سرغنہ ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی سے متعلق پاکستان کے خاف اقوام متحدہ پر دباؤ ڈالنے کے لئے ہندوستان کی کوشش کی حمایت کرنے کی اپیل کی ۔ لکھوی جیسے معاملات کی بنا پر ہند۔ پاک تعلقات میں پیشرفت نہیں ہوپارہی ہے ، لکھوی کوئی عام دہشت گرد نہیں ہے جس نے ممبئی حملوں کی سازش رچی اور اس حملہ میں166افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ ہندوستانی وزارت خارجی امور کے ترجمان وکاس سواروپ نے بتایا کہ چینی وزیر خارجہ نے سشما سوراج کو اس بات کا تیقن دیا کہ چین دہشت گردی کی ہر صورت میں مخالفت کرے گا اور ہندوستان کی جانب سے اٹھائے گئے مسئلہ پر توجہ دے گا ۔ انہوں نے وانگ کے حوالے سے یہ بھی بتایا کہ اس بات کی کوئی وجہ نہیں کہ ہند۔ چین مخالف دہشت گردی اقدامات کے لئے باہمی تعاون نہ کریں

India announces $1 billion aid for Nepal reconstruction

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں