سعودی سرحد کے قریب حوثیوں کو اہم کامیابی - صوبائی دارالحکومت پر قبضہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-15

سعودی سرحد کے قریب حوثیوں کو اہم کامیابی - صوبائی دارالحکومت پر قبضہ

صنعا
رائٹر
یمن میں حوثی جنگجوؤں اور ان کی حامی افواج نے سعودی عرب کی سرحد سے متصل ایک وسیع و عریض ریگستانی صوبہ کے دارالحکومت پر قبضہ کرلیا ہے۔ جنیوا میں امن بات چیت سے قبل جنگجوؤں کی یہ ایک اہم کامیابی ہے ۔ الحزم میں ایک قبائلی نے فون پر بتایا کہ یمن کی خانہ جنگی میں غالب حیثیت رکھنے والے حوثیوں نے الجوف صوبہ کے دارالحکومت الحزم پر قبضہ حاصل کرلیا ہے ۔ دوسری جانب سعودی عرب زیر قیادت عرب اتحاد کی حوثیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے ۔ زمین پر قبائلیوں کے ساتھ دو بدو لڑائی بھی جاری ہے ۔ اطلاعات کے مطابق حوثی جنگجوؤں اور اس کے وفادار سپاہیوں نے الحزم پر قبضہ کے بعد سرکاری عمارتوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا اور شہر میں پھیل گئے ۔ سعودی زیر قیادت عرب اتحاد کے گزشتہ تین ماہ سے فضائی حملے جاری ہیں تاکہ حوثیوں کو پست کرکے جلا وطن صدر عبدالربو منصور ہادی کی حکومت کو بحال کیاجاسکے ۔ سابق صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار فوج کے ساتھ اتحاد کرتے ہوئے خانہ جنگی میں مصروف حوثیوں نے یمن کے دارالحکومت صنعا پر پہلے ہی قبضہ کرلیا ہے اور کئی دیگر وسطی صوبوں کو اپنے زیر قبضہ کرلیا ۔ ملک کے جنوبی شہر اور سب سے بڑی ساحلی بندرگاہ عدن کی جانب ان کی پیشقدمی نے عرب اتحاد کو مداخلت کے لئے مجبور کردیا ۔ جنیوا میں اس ہفتہ اقوام متحدہ کی تائید سے امن مذاکرات منعقد ہوں گے جس میں ہادی، صالح اور حوثیوں کے وفود شرکت کریں گے ۔ تاہم تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ چوں کہ لڑائی پورے زوروشور سے جاری ہے اس لئے کسی سمجھوتہ کی امید نہیں ہے ۔

Houthi forces in Yemen seize provincial capital near Saudi border: residents

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں