جموں میں ایس ایس پی کے تبادلہ کے بعد سکھوں کا احتجاج ختم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-07

جموں میں ایس ایس پی کے تبادلہ کے بعد سکھوں کا احتجاج ختم

جموں
یو این آئی
جموں و کشمیر میں جرنیل سنگھ بھنڈراں والا کے پوسٹر ہٹانے کی وجہ سے پیدا شدہ کشیدگی اور پولیس کی فائرنگ میں ایک سکھ نوجوان کی موت کے واقعہ کے پس منظر میں ریاستی حکومت نے جموں کے ایس ایس پی کا تبادلہ کرنے اور تھانہ انچارج کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے ۔ حکومت نے ساتھ ہی متاثرہ خاندان کو پانچ لاکھ روپے کا معاوضہ اور خاندان کے ایک شخص کو سرکاری نوکری دینے کا اعلان کرنے کے ساتھ ہی معاملہ کی عدالتی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ دیر رات ایس ایس پی اتم چند کے تبادلہ اور ایس ایچ او ستواری کلبیر چودھری کی معطلی کا حکم دیا گیا ہے ۔ یہ تمام فیصلے کل رات ہوئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں لئے گئے جس میں داخلہ سکریٹری آر کے گوئل اور متعدد اعلیٰ پولیس اور سیول عہدیدار موجود تھے ۔ جموں کے ڈیویژنل کمشنر کی قیادت میں عدالتی تحقیقات شروع کی جائیں گی ۔ کمشنر جموں پون کوتوال ڈی جی پی جموں کشمیر کے راجندر ، آئی جی پی جمون زون دانش رانا اور مختلف سکھ تنظیموں کے نمائندوں نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی ۔ سکھ برادری نے علاقہ میں امن کی بحالی کا تیقن اس وقت دیا جب ان کے یہ سب مطالبات قبول کرلئے گئے ۔ آر ایس پورہ کے رہنے والے سکھ نوجوان کی آج آخری رسومات بھی ادا کردی گئی جو احتجاج کے دوران پولیس فائرنگ میں مارا گیا تھا ۔ اس موقع پر پولیس اور میڈیا کے نمائندوں کو ارتھی جلوس سے دور رکھا گیا ۔ یہی نہیں شہر کے نواحی علاقہ، گڑھی گڑھ ، میں بھنڈراں والا کی یاد میں ایک تقریب کا اہتمام بھی کیاجائے گا۔ سکھ نوجوانوں نے مخالف پولیس نعرے لگاتے ہوئے جلوس نکالا۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے کئی دکانات اور تعلیمی ادارے آج بھی بند رکھے گئے ۔ ضلع میں احتیاطی اقدام کے طور پر کرفیو ہنوز نافذ ہے اور مختلف مقامات پر فوج تعینات ہے ۔ گڑھی گڑھ وہ علاقہ ہے جہاں جمعرات کو پولیس فائرنگ میں نوجوان کی موت ہوگئی تھی ۔

Government transfers SSP Jammu Uttam Chand, Sikhs end protests in Jammu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں