انکم ٹیکس کا 3 صفحات پر مشتمل آسان فارم جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-01

انکم ٹیکس کا 3 صفحات پر مشتمل آسان فارم جاری

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزارت فینانس کی جانب سے انکم ٹیکس ریٹرنس کا3صفحات پر مشتمل نیا فارم جاری کیا گیا ہے جس میں غیر ملکی اور غیر مستعملہ بینک کھاتہ کی تفصیلات فراہم کرنے کی ضرورت باقی نہیں رکھی گئی ۔ اس کے علاوہ ریٹرنس داخل کرنے کی آخری تاریخ31اگست تک کردی گئی ہے ۔ وزارت فینانس نے تاہم کہا کہ ٹیکس کنندگان کو اپنا پ سپورٹ نمبر اور زیر استعمال بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات دینا ہوگا ۔ اصل آئی ٹی آر فارم 3صفحات سے زیادہ نہیں ہوگا جب کہ دیگر معلومات کا اطلاق ہونے کی صورت میں ہی منسلکہ جات کے ذریعہ پیش کرنا ہوگا۔ وزارت نے انکم ٹیکس ریٹرنس کے ادخال کو آسان بناتے ہوئے14صفحات کے بجائے3صفحات کا فارم پیش کیا ہے ۔ اس سال کے اوائل میں جب حکومت 14صفحات کا فارم متعارف کروایا تو اس پر صنعتکاروں اور ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ عوام کی جانب سے بھی سخت تنقیدیں کی گئیں اور کہا گیا کہ اس میں غیر ضروری تفصیلات فراہم کرنے کا بوجھ عائد کیا گیاہے جن میں غیر ملکی دوروں اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی شامل تھیں ۔ ماضی میں یہ فارم 12صفحات پر مشتمل تھا ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے14صفحات کے فارم پر تنازعہ چھڑنے کے بعد اسے روک رکھنے کا حکم دیا تھا ۔ اس سال آئی ٹی ریٹرنس داخل کرنے کی آخری تاریخ31اگست تک توسیع دی گئی ہے کیونکہ نئے فارمس کا سافٹ ویئر ابھی تیار ی کے مراحل میں ہے ۔ امیدہے کہ جون کے تیسرے ہفتہ تک یہ نیا فارم ای فائلنگ کے لئے دستیاب رہے گا ۔ ایک نیا آئی ٹی آر2Aفارم افراد یا ہندو غیر منقسم خاندانوں کے لئے تجویز کیا گیا ہے جو کاروبار یا پیشہ سے آمدنی یا غیر ملکی اثاثہ جات وغیر ملکی آمدنی نہیں رکھتے ہیں۔ وزارت نے ایسے بینک کھاتوں کی تفصیلات کے انکشاف سے دستبرداری اختیار کرلی ہے جو گزشتہ3برسوں سے کارکرد نہ ہوں تاہم ٹیکس دہندگان کو کارکرد کرنٹ یا سیونگ اکاؤنٹ کا نمبر اور آئی ایف ایس سی کوڈ داخل کرناہوگا تاہم اس کے لئے ان اکاؤنٹس میں موجود رقم کی صراحت کرنی ضرورت نہیں ہے۔ تنخواہ یافتہ ملازمین اور وہ افراد جو کوئی کاروبار یا پیشہ ورانہ آمدنی نہیں رکھتے ہیں انہیں آئی ٹی ریٹرنس، آئی ٹی Iیاآئی ٹی آرIIپر ہر سال 31جولائی تک داخل کرنا ہوتا ہے ۔

Finance Ministry brings out new 3-page income tax forms

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں