من کی بات پروگرام - ناکامیوں سے حوصلہ پانے مودی کا طلبہ کو مشورہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-01

من کی بات پروگرام - ناکامیوں سے حوصلہ پانے مودی کا طلبہ کو مشورہ

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے امتحانات میں ناکام ہوجانے والے طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی ناکامیوں پر دل گرفتہ نہ ہوں بلکہ ان ناکامیوں سے مواقع تلاش کریں اور کامیابی کی راہ ڈھونڈیں۔ آل انڈیا ریڈیو پر"من کی بات" پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے آج کہا کہ جو امتحان میں کامیاب نہیں ہوسکے میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ کامیابی اور ناکامی زندگی کا حصہ ہے۔ ناکامی پر مایوس نہیں ہونا چاہئے بلکہ اس سے سبق لینا چاہئے ۔ اہم یہ ہے کہ آپ اپنی طاقت ، صلاحیت اور خوبیوں کو پہنچانیں اور اس کے مطابق راہ کا انتخاب کریں ۔ انہوں نے سابق صدر جمہوریہ اور بابائے میزائل ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی زندگی کی مثال پیش کی جو پائلٹ بننے میں ناکام رہے لیکن ہمت نہیں ہاری اور کوششیں جاری رکھیں جس نے انہیں ایک عظیم سائنسداںاور ملک کا صدر بنادیا ۔ وزیر اعظم نے ان کی حکومت کی جانب سے گزشتہ ماہ شروع کی گئی 3سماجی سیکوریٹی اسکیمات کی تیز رفتار کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا اور زرعی شعبہ کے لئے ایک اختراعی اقدام دور درشن پر کسان چینل کے آغاز کا تذکرہ کیا ۔ من کی بات کے8ویں پروگرام میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ میری حکومت نے ابھی اقتدار کا صرف ایک سال مکمل کیا ہے، ہماری کارکردگی پر عوام کا ملا جلا رد عمل ہے ۔ جو چیز مجھے پرجوش بناتی ہے وہ پی ایم سرکشھا بیمہ یوجنا،پی ایم جیون جیوتی بیمہ یوجنا اور اٹل پنشن یوجنا ہے۔ یہ اسکیمات صرف20دن قبل ہی شروع کی گئیں لیکن وہ فخریہ کہنا چاہتے ہیں کہ اتنی مختصر مدت میں8۔52کروڑ عوام نے ان اسکیمات میں اپنے ناموں کا اندراج کروایا ۔ یقینا اب تک کسی بھی حکومت کی کسی بھی اسکیم میں یہ عوام کا سب سے بڑا رد عمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمزور اور ضرورت مند طبقہ کو بہتر سماجی سلامتی کی فراہمی کے لئے حکومت کا۔ اقدام نہایت اہم ہے ۔وہ چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان اسکیمات میں شامل ہوں اور غریب و کمزور طبقات کو حکومت کی جانب سے بہتر فوائد کی ترسیل کو یقینی بنائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایک اور اقدام جو انہیں مسرور کرتا ہے وہ دور درشن پر کسان چینل کا آغاز ہے ۔ وہ اسے مستقبل کے قدم کی حیثیت سے دیکھتے ہیں جو کئی اعتبار سے زرعی شعبہ میں اصلاحات لائے گا۔ مودی نے ایک رتبہ، ایک وظیفہ کے پیچیدہ مسئلہ کو حل کرنے کا آغاز کرتے ہوئے سابق فوجیوں سے انہیں کچھ مہلت دینے کی خواہش کی اور سابقہ حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر بنا کچھ اقدام کئے40سال تک مسلح افواج کے جذبات سے کھیلتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے مختلف محکمہ جات کو اس مسئلہ کا حل تلاش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے مودی نے سابق فوجیوں سے کہا کہ گزشتہ40سالوں سے صبر و تحمل کررہے ہیں ۔ مجھے کچھ مہلت دیجئے اور اس پر کچھ کام کرنے کا موقع دیجئے۔ ہم مل جل کر اس مسئلہ کا حل تلاش کریں گے ۔ وزیر اعظم کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک انسان ہونے کی حیثیت سے وہ ایک بات پوری سنجیدگی سے کہنا چاہتے ہیں کہ انہوںنے سابق فاجیوں سے یہ وعدہ کیا ہے کہ ان کی حکومت ایک عہدہ، ایک وظیفہ کو لائے گی اور ہم اپنی ذمہ داری سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ اپنی حکومت پر کی جانے والی تنقیدوں کے بارے میں مودی نے کہا کہ جمہوریت میں اس قسم کی بحث ضروری ہے ۔ تائید اور مخالفت میں آرا اہمیت رکھتی ہیں ۔ خامیوں سے واقف ہونا نہایت ضروری ہے مودی نے بطور خاص21جون کو عالمی یوم یوگا کا حوالہ دیتے ہوئے ہندوستانیوں سے خواہش کی کہ وہ اسے کامیاب بنانے میں پر جوش حصہ لیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے21جون کو عالمی یوگا منانے کا علان کیاجانا ہر ہندوستانی کے لئے باعث فخر ہے ۔ یوگا سے جسم اور روح کو تقویت ملتی ہے ۔ وزیر اعظم نے ملک میں جاری گرمی کی لہر پر بھی اظہار خیال کیااور عوام سے خواہش کی کہ وہ نہ صرف اپنی بلکہ جانوروں اور پرندوں کی حفاظت کا بھی خیال کریں ۔

Failure a part of life: Modi dishes out success mantras to students during Mann ki baat

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں