سیکولر قائدین اقلیتوں میں خوف پیدا کرنے سے باز آئیں - مختار عباس نقوی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-02

سیکولر قائدین اقلیتوں میں خوف پیدا کرنے سے باز آئیں - مختار عباس نقوی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکزی مملکتی وزیر مختار عباس نقوی نے آج سیاسی سیکولر افراد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اقلیتوں میں خوف کا ماحول پیدا کرنے سے اور اپنے سیاسی مقاصد کے لئے انہیں گمراہ کرنے سے باز آجانا چاہئے۔ جنوبی دہلی کے پشپ وہار علاقہ میں آج سنٹرل وقف بھون کا افتتاحی تقریب سے کطاب کرتے ہوئے نقوی نے کانگریس پر کھلی تنقید کرتے ہوئے مبینہ طور پر کہا کہ آزادی کے بعد سے اقلیتوں کی بہبودی کے لئے مختص کردہ فنڈز کو بہتر طریقہ سے خرچ نہیں کیا گیا اور انہیں درمیانی آدمی اور اقتدار کے دلالوں نے اسے لوٹا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد سیکولرزم کے حامیوں کے درمیان اقلیتوں کے سیاسی استحصال کے لئے مقابلہ آرائی ہورہی ہے۔ اس کے باعث اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی ترقی صرف کاغذوں پر ہی دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی طبقات بالخصوص مسلمانوں کو مرکزی حکومت کی اسکیمات تک اپنے کام کے ذریعہ رسائی کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی وہاں کے اقلیتوں اور کمزور طبقات کی ترقی پر منحصر ہوتی ہے ۔ اس لئے ہندوستان میں بھی جب تک اقلیتوں ، خاص طور سے مسلمانوں اور کمزور طبقات کی ترقی نہیں ہوگی تب تک ملک کی ترقی نہیں ہوسکتی۔ نقوی نے کہا کہ اقلیتوں، خاص طور پر مسلمانوں کی معاشی ، سماجی اور تعلیمی ترقی کے لئے مودی حکومت نے جن اقدامات کا آگاز کیا ہے انہیں بلا رخنہ جاری رکھاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے مسائل کے تئیں مسائل کے سلسلہ میں متعلقہ افراد سے رابطہ قائم کرکے حکومت ان کی بہبود کے سلسلہ میں انتہائی شفافیت اور مضبوطی کے ساتھ کام کررہی ہے اور اس سلسلہ میں انہوں نے گزشتہ دنوں مختلف ریاستوں کا دورہ کر کے وہاں زمینی سطح پر بہبودی کاموں کا جائزہ لے کر بہبودی اسکیموں کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ عباس نقوی نے کہا کہ مرکزی وزارت برائے فروغ انسانی وسائل سمیت دیگر کئی وزارتوں میں بھی اقلیتوں کی بہبود سے متعلق اسکیموں پر کام چل رہاہے اور اقلیتوں کی بہبود سے متعلق وزیر اعظم مودی کے عہد کو تیز رفتار طریقے پر پورا کیاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وقف ایکٹ بننے کے بعد وقف کونسل کا دائرہ کافی وسیع ہوگیا ہے اور ان کی وزارت بہبودی اسکیموں کا کاغذ پر دکھانے کی بجائے زمینی سطح پر عملی اقدامات کے ذریعہ انہیں نافذ کرنے کو یقینی بنارہی ہے ۔ مملکتی وزیر نے کہا کہ اقلیتوں کی بہبود کے نام پر رقومات کی جو لوٹ ہورہی تھی مودی حکومت نے اسے روکنے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ہے ۔

'Political secularists' should desist from creating fear in minorities: Mukhtar Abbas Naqvi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں